وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزداد  سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

63

لاہور،15 فروری(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی نے  پیر   کو یہاں ملاقات کی   ، ملاقات  میں باہمی دلچسپی کے امور،دو طرفہ تعلقات بڑھانے اورمختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال سمیت  باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر  اتفاق ہوا۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے تعمیراتی شعبے اور ہیلتھ سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان ا ور متحدہ عرب امارات کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات موجود ہیں،متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کار ریور راوی اربن فرنٹ اور والٹن بزنس حب کے منصوبوں میں سرمایہ کیلئے آگے آئیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے نئے منصوبے شروع کئے ہیں، والٹن بزنس حب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قذافی سٹیڈیم کے پاس فائیو سٹار ہوٹل بنانے پر کام ہو رہا ہے، آئندہ سے غیر ملکی ٹیموں کو اسی ہوٹل میں ٹھہرانے کی پلاننگ کی گئی ہے،سٹیڈیم اور ہوٹل کو ملانے کے لئے انڈر گراؤنڈ یا اوور ہیڈ برج بھی بنایا جائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے لئے ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ، سرمایہ کار وں کے لئے این او سیز کے اجراء کے عمل کو آسان بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے حوالے سے تمام امور خود دیکھتا ہوں، پنجاب میں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دے رہے ہیں،متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کار کمپنیوں کو پنجاب میں خوش آمدید کہیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں متحدہ عرب امارات کا تعاون لائق تحسین ہے۔

اس موقع پر  متحدہ عرب امارات کے سفیر نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو چولستان ڈیزاٹ ریلی 2021 کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور لاہور میں کرکٹ میچوں کے بہترین انتظامات پر بھی وزیر اعلی عثمان بزدار کی کاوشوں کو سراہا۔

 متحدہ عرب امارات کے سفیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر الشیخ نیہان بن مبارک النیہان کی جانب سے آپ کے لئے نیک خواہشات کا پیغام لایا ہوں۔ الشیخ نیہان بن مبارک النیہان نے سرمایہ کاری سے متعلقہ امور پر مکمل سپورٹ پر آپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں،متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کار کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہیں،لاہور میں متحدہ عرب امارات کا ویزہ سنٹر بھی جلد کھولا جائے گا-

پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔