مظفرگڑھ، 18فروری(اے پی پی):صوبائی مشیر برائے زراعت سردار عبدالحئی خان دستی نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، نوجوان نسل مضبوط ہوگی تو ملک مضبوط ہوگا، وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا بھی یہی ویژن ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم، کھیل، معیشت سمیت تمام شعبوں میں مضبوط بنایا جائے تاکہ ملک تیزی سے ترقی کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرگڑھ کی 54ویں سالانہ سپورٹس گالہ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی مشیر برائے زراعت سردار عبدالحئی خان دستی نے کہا کہ مظفرگڑھ کیلئے یونیورسٹی ناگزیر ہے وہ مسلسل کوشش کررہے ہیں اور ہر سطح پر یونیورسٹی کے قیام کیلئے آواز بلند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مظفرگڑھ کا دورہ کریں گے اور مظفرگڑھ میں نہ صرف یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کریں گے بلکہ اس کیلئے ضروری کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
صوبائی مشیر نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سالانہ ترقیات فنڈ سے پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرگڑھ میں بی ایس بلاک کی تعمیر کیلئے 23کروڑ روپے مختص کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا وعدہ ہے کہ پوسٹ گریجویٹ کالج کو علاقے کا بہتر سے بہتر کالج بنائیں گے۔
قبل ازیں ڈائریکٹر کالجز شیخ فیاض نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلباء کی کردار سازی میں کھیل بڑا اہم کردار ادا کرتی ہے، کھیل تعلیم کا لازمی جزو ہے۔ انٹرنیٹ کے اس دور نے طلباء کو ہم نصابی اور غیر ہم نصابی سرگرمیوں سے دور کردیا ہے،تعلیمی اداروں کو اس پر توجہ دینی ہوگی۔
پرنسپل پروفیسر رانا مسعود اختر نے کہا کہ54ویں سالانہ سپورٹس گالہ میں طلباء اور پروفیسرز نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اس کو کامیاب بنایا جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کالج ھذا میں ترقیاتی کام کرائے گئے ہیں جس میں مرکزی گیٹ کی تعمیر، اساتذہ کی گاڑیوں کیلئے پارکنگ، طلباء کے پینے کیلئے الیکٹریکل واٹر کولرز کی تنصیب اور کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیرو مرمت کے کام شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ڈویژن بھر میں تعلیم اور کھیل کے میدان میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے اور علاقے کے بہترین کالج شمار کیا جاتا ہے۔
بعد ازاں صوبائی مشیر برائے زراعت سردار عبدالحئی خان دستی نے اعلیٰ کارکردگی کے مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور پروفیسرز میں انعامات تقسیم کئے۔انہوں نے مرکزی گیٹ اور پارکنگ کا افتتاح کیا۔
سپورٹس گالہ کے آخری روز مختلف کھیلوں کے فائنل کھیلے گئے، پروفیسرز کی دوڑ منعقد ہوئی جس میں اول پوزیشن پروفیسر شہزاد، دوئم پوزیشن پروفیسر کاشف جبکہ سوئم پوزیشن پروفیسر سہیل نے حاصل کی۔
کالج کے طلباء نے سرائیکی جھومر پیش کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جام آفتاب حسین، پرنسپل پروفیسر رانا مسعود نے بھی حصہ لیا۔