یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں ٹریفک قوانین کی آگہی کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

206

 

اوکاڑہ،18فروری(اے پی پی):  اوکاڑہ یونیورسٹی میں ضلعی پولیس انتظامیہ کے تعاون سےٹریفک قوانین کی آگہی کے حوالے سے ایک سیمینار منعقد ہوا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریاذاکر، ریجینل پولیس آفیسر احمد ارسلان ملک اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا فیصل شہزاد نے  طلباء کے ساتھ ٹریفک کے مسائل پہ انسانی رویوں، معاشرتی اقدار ، قوانین اور انفراسٹرکچر  کے تناظر میں بات چیت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد زکریاذاکر نے کہا کہ ٹریفک کےحادثات انسانی رویوں کے باعث پیش آتے ہیں اور ان رویوں کی تبدیلی تعلیمی اداروں کے ذریعے ہی ممکن ہو سکتی ہے۔ ان کا  کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں اور ریاستوں کاعروج و زوال ایک دوسرے سے منسلک ہے، ہم اوکاڑہ یونیورسٹی میں کمیونٹی آوٹ ریچ کے ذریعے ٹریفک قوانین کی پابندی اور قانون کی عمل داری سمیت دیگر تمام مسائل کا حل کرنے کےلیے کوشاں ہیں اور اوکاڑہ بہت جلد شہر علم کے حوالے سے جانا جائے گا۔

طلباء نے یونیورسٹی کے گردو نواح میں ٹریفک کے مسائل پہ تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ان مسائل کے فوری حل کےلیے انقلابی اقدامات کرے۔

طلباء کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے آر پی او کا کہنا تھا کہ پولیس بھی معاشرے کا ایک حصہ ہے اور شہریوں کے تعاون کے بغیر وہ قانون کی پاسداری نہیں کروا سکتی۔ انہوں نے طلباء کو ترغیب دی کہ وہ معاشرے میں اخلاقی اقدار کی ترویج کےلیے کام کریں تاکہ پولیس کا بوجھ بانٹا جا سکے۔

سیمینار کے اختتام پر ضلعی پولیس انتظامیہ کی جانب سے طلباء میں ہیلمٹ تقسیم کیے گئے۔