وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر قبضہ گروپوں کےخلاف آپریشن جاری رہے گا شہر میں قبضہ مافیا کی کوئی گنجائش نہیں:سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر

84

لاہور،26 فروری (اے پی پی )ن لیگی ایم پی اے ملک حبیب اعوان کی آشیرباد سے سرکاری اراضی پر بننے والی سوسائٹی مسمار کر دی گئی ۔ملزمان نے رحمن پورہ باٹاپور میں سرکاری زمین پر سوسائٹی بنانے کی کوشش کی، ایس پی کینٹ اور اسسٹنٹ کمشنر نے اپنی نگرانی میں سوسائٹی دفتر، ڈیرہ اور دیواریں مسمار کر دیں ۔لاہور پولیس نے اربوں روپے مالیت مالیت کی سرکاری زمین پر ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے کی کوشش ناکام بنا دی اور قبضہ گروپوں سے وزارت امور کشمیر کی 87 کنال سرکاری زمین واگذار کروا لی گئی ۔ملزمان نے سرکاری اراضی کاشتکاری کے لیے حکومت سے لیز پر لی تھی،قبضہ مافیا سرکاری زرعی زمین پر رہائشی کالونی بنا رہے تھے، اس موقع پر کاروائی کرنے والوں کے لیے سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے  ایس پی کینٹ اور ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر قبضہ گروپوں کےخلاف آپریشن جاری رہے گا شہر میں قبضہ مافیا کی کوئی گنجائش نہیں،انہوں نے کہا کہ زمینیں ہتھیانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے۔شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی سی پی او آفس میں قبضہ مافیا کے ستائے شہریوں کی دادرسی کےلئے خصوصی سیل قائم ہے شہری قبضہ کے متعلق نان ایمرجنسی ہیلپ لائن 1242 پربھی کال کر سکتے ہیں۔