جامع محکمہ حکمت عملی کے تحت محکمہ جنگلی حیات کی زمین ناجائز قابضین سے واگزار کرواکر اس پر شجر کاری کی جارہی ہے:صوبائی وزیر جنگلی حیا ت وماہی پروری سید صمصام علی بخاری

66

لاہور،26 فروری (اے پی پی)صوبائی وزیر جنگلی حیا ت وماہی پروری سید صمصام علی بخاری نے محکمہ جنگلی حیات کے زیر اہتمام ”10 بلین ٹری سونامی پروگرام“  کے حوالے سے ”گرین پاکستان مہم“ کی ایک روزہ ٹریننگ ورکشاپ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئےصوبائی وزیر جنگلی حیا ت وماہی پروری سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ  وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ”کلین اینڈ گرین پاکستان“ویژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے محکمہ جنگلی حیات اپنے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے جنگلات اور جنگلی حیات ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جو قدرت کے حُسن کو چارچاند لگاتے ہیں۔ جنگلی حیات اور جنگلات ماحول کو خوشگوار اور خوبصورت بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  جنگلات کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے تاکہ آئندہ نسلوں کیلئے قدرت کے انمول تحائف کو بچا یاجاسکے تربیتی ورکشاپس کا انعقادعوام میں جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کا شعور اجاگر کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔انہوں  نے کہا کہ ایک جامع محکمہ حکمت عملی کے تحت محکمہ جنگلی حیات کی زمین ناجائز قابضین سے واگزار کرواکر اس پر شجر کاری کی جارہی ہے۔ پنجاب میں محکمہ جنگلی حیات نے  ایک ہزارایکڑ رقبے پر گیم ریزور قائم کرنے کی اجازت دی ہے محکمہ جنگلی حیات نے چار وائلڈ لائف پارکس کو نیشنل پارکس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر جنگلی حیات نے کہا کہ  غیر قانونی شکار پر سزاؤں میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ غیر قانونی شکار کی روک تھام ہو۔جنگلی حیات کے مختلف  پہلوؤں کے بارے میں  تحقیق کے فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا۔