وزیر اعلی عثمان بزدار صوبہ میں پسماندہ اضلاع کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

83

سیالکوٹ۔14فروری  (اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی عثمان بزدار صوبہ میں پسماندہ اضلاع کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں بالخصوص جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبے مکمل کررہے ہیں، جس کا عملی مظاہرہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا چولستان کا حالیہ دورہ ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کمیٹی روم سیالکوٹ میں  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار صوبہ میں سیاحت کو فروغ دیکر پاکستان کا روشن چہرہ اور ثقافت دنیا کے سامنے لارہے ہیں،چولستان میں کامیاب ڈیزٹ جیپ ریلی میں شریک مہمانوں کی روائتی کھانوں سے تواضع کی گئی اس جیپ ریلی سے علاقہ میں معاشی اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور علاقہ میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ بہاولپور میں ڈبل ڈیکر ٹورازم بس کا افتتاح سیاحت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ جبکہ ماضی میں صرف جاتی امرا  تک ترقی کی ریل پیل نظر آتی تھی۔ عثمان بزدار اس ترقی کا دائرہ چولستان کے صحراؤں تک لے گئے ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ موجودہ حکومت مہنگائی کو اپنے لئے سب سے بڑا درد سر سمجھتی ہے۔ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی لعنت کے خاتمہ کیلئے صوجہ میں سپلائی اور ڈیمانڈ کو مانیٹر کرنے کیلئے حکومت جدید ڈیجٹیلائزسسٹم متعا رف کروا رہی ہے اور صوبہ میں 73سال سے سبزی و غلہ منڈیوں میں فرسودہ نظام سے نجات کیلئے جس میں ناصرف کسانوں کا استحصال کیا جاتا ہے بلکہ عوام کی جیب پر بھی ڈاکہ ڈالا جاتا ہے اور مڈل مین بغیر کسی محنت کے لمبا چوڑا منافع کماتے ہیں اور اوپر سے ٹیکس بھی ادا نہیں کرتے۔ پرانا نظام عوام کی بجائے چند افراد کو فائدہ پہنچانے کا ذریعہ رہا ہے۔ حکومت مارکیٹ کمیٹیوں کا متبادل نظام لا رہے ہیں منڈیوں کوڈیجٹیلائز کرکے مصنوعی مہنگائی کور وکنے میں مدد ملے گی۔ پرانے نظام کے خاتمہ سے ناجائز منافع خوری کی اندھیری نگری کا خاتمہ میں مدد ملے گی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن اتحادیوں کے ٹولہ کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ پی ڈی ایم کا متجمن، وزیر اعظم کی عوام دوست موثر حکمت عملی کے خلاف اکٹھا ہوا، پی ڈی ایم مانگے تانگے کے کھلاڑیوں کی وہ ٹیم ہے جس کا اصل کپتان ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر لندن میں اور کوچ ان فٹ ہو کر لاڑکانہ جا بیٹھا ہے۔ پی ڈی ایم کی ٹیم کو یہ بھی نہیں پتا کہ کپتان عمران خان ٹاس جیت چکا ہے اور بیٹنگ یا فیلڈنگ کا فیصلہ جیتنے والا کپتان کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی موجودہ قیادت جوکروڑوں ووٹروں کی دعوے دار جماعت ہے کل ڈسکہ کی ایک سڑک تک محدود ہوگی۔عوام کے مسائل سے لاعلم نام نہاد لیڈر عوام کو گمراہ کرنے کیلئے نکلے ہوئے۔ڈسکہ کی عوام نے مریم کو یہ پیغام دیا کہ ڈسکہ کسی ایک شاہ یا ڈبل شاہ کی جاگیر نہیں۔مریم نے ایک مرتبہ پھر اداروں کو ہدف تنقید بنایا اور وزیر اعظم کی ذات کو نشانہ بنایا۔ مریم نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی ڈیڈی پاکستان کب آئیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ قوم کے بچوں کے مستقبل کو پاکستان تحریک انصاف تاریک نہیں ہونے دے گی۔ڈاکٹر فرودس عاشق اعوان نے کہاکہ ڈسکہ کے عوام نے گزشتہ روز راجکماری اینڈ کمپنی کو دھتکارکر واضح پیغام دے دیا کہ یہ حلقہ کسی شاہ یا ڈبل شاہ کی خاندانی جاگیر نہیں۔انہوں نے کہاکہ جعلی راجکماری نے ڈسکہ کے جلسے میں جو ہیر وارث شاہ سنائی وہ بھی راجکماری کی طرح جعلی نکلی، پنجاب میں برسوں سے چھائی ہوئی کرپشن اور اقرباء پروری کی دھند اب چھٹ کر رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ یوسف رضا گیلانی کو کسی عددی برتری کے بغیر سینٹ کے میدان میں اتارنے کا مطلب یہ ہے کہ پی ڈی ایم آج بھی ہارس ٹریڈنگ اور ووٹوں کی خرید و فروخت کی گندی سیاست پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم اور جعلی راجکماری سن لے، پاور پلے ختم ہونے کو ہے۔ انہوں نے جتنی اونچی اونچی ہٹیں لگانی تھیں لگا لیں، انہیں مشورہ ہے کہ اب احتیاط سے کھیلیں۔اب اگر غلط ہٹ لگائی تو اپنی غلطی کی وجہ سے پکڑے جائیں گے۔ باؤلر یا فیلڈر کا قصور نہیں ہو گا۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم نے ایسے نابالغ اور ناتجربہ کار کھلاڑیوں کو میدان میں اتارے ہیں جو باؤلر کے گیند کرانے سے پہلے ہی چھکے اور چوکے کا شور مچانا شروع کردیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں کوئی کسی کے ساتھ مخلص نہیں۔ جو اپنے ساتھ مخلص نہیں وہ عوام کے ساتھ کیسے مخلص ہوسکتے ہیں۔ جنہوں نے گیلانی کوذلیل کیا اب وہی اس کے تائید کنندہ ہیں۔یہ لٹیروں کے وہ ٹولے ہیں جو سب پاکستان کو لوٹنے اور کرپشن میں شریک جرم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں پی ڈی ایم سے پوچھتی ہوں کہ جس الیکشن کمیشن کو تم مانتے نہیں اور اس کے باہر دھرنے دیتے ہو اسی الیکشن کمیشن کے تحت ضمنی الیکشن کی کمپین میں در بدر بھٹک رہے ہو۔ اسی الیکشن کمیشن کے تحت سینٹ کے الیکشن کیلئے نوٹوں کی بوریاں اٹھائے بھاگتے پھرتے ہو۔ جس پارلیمنٹ کو مانتے نہیں اسی کے ووٹرز سے ووٹ کی بھیگ مانگ رہے ہو۔جن عدالتوں کو مانتے نہیں۔ اپنے حق میں انہی کے فیصلوں پر مٹھائیاں بھی بانٹتے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ن لیگ نے جنوبی پنجاب کے تمام وسائل جاتی امراء کی تزئن آرائش میں جھونک دیئے وہاں وزیر اعلیٰ پنجاب وسائل کی یکساں تقسیم کرتے ہوئے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے ا علی اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کل وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بہاولپور کی ترقی کیلئے متعدد منصوبوں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سیاحت سے نا صرف اپنا امیج دنیا کے سامنے بہتر کر سکتا ہے بلکہ اب یہ ایک صنعت بن چکی ہے۔جس سے اربوں کا زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔ سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔پنجاب حکومت ماڑی سے چولستان تک پنجاب کو ٹورسٹ حب بنائے گی۔انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے مختص بجٹ کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں ہو سکتا۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری ہے جلد اپنی منزل تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ نے چولستان میں واٹر سپلائی کیلئے 200 ملین روپے کے فنڈز جاری کئے ہیں۔ عمران خان کے ویژن کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار پسماندہ اور دور افتادہ علاقو ں کو بھی اسی طرح ترقی دینے میں سرگرم عمل ہیں جو بڑے شہروں میں دیکھنے کو ملتی ہے۔ چولستان میں موٹر سپورٹس کے بین الاقوامی ایونٹ کا انعقاد اور سہولیات کی فراہمی وزیراعظم کے دو نہیں ایک پاکستان کے عزم کی تکمیل ہے -پی ٹی آئی کی حکومت نے تہیہ کررکھا ہے کہ ان محروم علاقوں کو بھی اوپر اٹھائیں گے۔جن پر آج تک کسی نے توجہ نہیں دی۔ اس پسماندہ علاقے میں اس ریلی کی وجہ سے پاکستان کا سب سے بڑا موٹر سپورٹس ایونٹ ہر سال قاباعدگی سے منعقد ہورہاہے۔ ونٹر ٹورازم اور ڈیزرٹ ٹورازم کا پاکستان میں پہلی مرتبہ آغاز چولستان جیپ ریلی کی صورت میں ہوا ہے۔ چولستان جیپ ریلی میں اس سال پہلی دفعہ ڈرٹ بائیک ریس متعارف کرائی گئی ہے۔چولستان جیپ ریلی کی وجہ سے دراوڑ قلعہ کی تزئین و آرائش، صحرائی علاقے میں سڑکو ں کی تعمیر اور پانی وبجلی کی سہولتیں بھی یہاں کے عوام کو میسر آچکی ہیں۔ چولستان جیپ ریلی کے انعقاد کے پانچ چھ دنو ں کیلئے یہاں معاشی سرگرمیاں عروج پر ہوتی ہیں اور یہاں کا عام آدمی ان دنوں میں سال بھر کے برابر پیسے کما لیتا ہے۔ اس ایونٹ کی وجہ سے اس علاقے میں نجی شعبے کو بڑی ترقی حاصل ہوئی ہے۔ پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے یہ ایونٹ اب قومی سے بین الاقوامی اہمیت کا حامل تہوار بن گیاہے۔انہوں نے کہا کہ نوٹوں سے قوم کے ضمیر خریدنے والوں کو ناکامی ہوگی۔19فروری کو پی ٹی آئی جیتے گی۔عمران خان پاکستان کے محنت کش جوانوں اور اقلیتوں کی جنگ لڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جعلی راجکماری کے چہرے پر مایوسی کی وجہ نواز شریف کی پاسپورٹ کی معیاد ختم چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی حکومت نے پاسپورٹ کی معیاد کے خاتمہ پر اپنے قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ قوم کے دکھوں کا مدوا کرنے نواز شریف کب ملک آئیں گے۔پی ڈی ایم کھلی چھٹی کے باوجود سڑک کے دونوں اطرف لوگ جمع نہ کرسکے۔خاندانی ملازم نے سستی شہرت کیلئے از خود پولیس کی گاڑی میں جا بیٹھا۔سینٹ کی فہرست میں عطاء اللہ تارڑ کا نام نہ آنے پر ان کی ساری محنت اور ڈرامہ بازی رائیگاں گئی۔ عوام کی ووٹ کی طاقت سے اسمبلی میں جاؤں گی۔ وزیر اعظم چھوٹے صوبے کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔حکومتی اتحاد کے پیش نظر سینٹ کی سیٹوں کا انتخاب کیا گیا۔