وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ، صوبے کی مالی پوزیشن سمیت  ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت  کا جائزہ

88

لاہور،24فروری(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا،اجلاس میں صوبے کی مالی پوزیشن اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت  کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلی عثمان بزدار نے ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔

اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب  کا کہنا تھا کہ جاری ترقیاتی سکیموں کو مقرر کردہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ اس سے ترقیاتی سکیموں کے ثمرات بروقت عوام تک پہنچیں گے۔

وزیر اعلی نے سیکرٹریز کو ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کی ہدایت دیتے  ہوئے کہا  کہ میں جلد پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا دورہ کروں گا  جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام پر ہونے والی پیشرفت کا خود جائزہ لوں گا۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔   فنڈز کے بروقت استعمال کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا موثر نظام ضروری ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ  سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مقررکردہ اہداف کو ہر صورت حاصل کیا جائے گا۔  مالی ڈسپلن کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے  ان کا کہنا تھا کہ کہ  جاریہ اخراجات میں کمی کے لئے آؤٹ آف دی باکس حل سامنے لائے جائیں -فلاح عامہ کی سکیموں کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کرنے پر فوکس کیا جائے-انہوں نے بتایا کہ  جنوری 2021 تک صوبے نے محصولات کی مد میں 1047 ارب روپے وصول کئے ہیں۔

وزیر اعلی کو بریفنگ دی گئی کہ رواں مالی برس کی محصولات گزشتہ برس کے مقابلے میں تقریبا 7 فیصد زائد ہیں – 191 ارب روپے ترقیاتی فنڈز کی مد میں جاری کر چکے ہیں –

اجلاس میں سیکرٹری خزانہ نے صوبے کی مالی پوزیشن اور جاریہ اخراجات کے بارے میں بریفنگ دی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔