وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کا پشاور تعلیمی بورڈ کا دورہ، نئے تعمیر شدہ ایڈمنسٹریشن بلاک کا افتتاح

129

پشاور، 3 فروری(اے پی پی): صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے بدھ کو یہاں پشاور تعلیمی بورڈ میں نئے تعمیر شدہ ایڈمنسٹریشن بلاک کا افتتاح کر دیا اور بورڈ میں قائم  سٹوڈنٹس فیسیلیٹیشن سنٹر کا معائنہ بھی کیا۔  انہوں نے سنٹر کو مزید بہتر بنانے اور صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں یہ سنٹرز جلد از جلد فعال بنانے کی ہدایات بھی جاری کی۔

افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے  وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا کہ کہ تمام تعلیمی بورڈ میں طلباء و طالبات کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ زیادہ تر بورڈز  کے نظام کو آٹومیٹڈ کر دیا ہے تاکہ طلباء کے تمام کام گھر بیٹھے آن لائن ہو سکیں اور ان کا قیمتی وقت صرف تعلیمی سرگرمیوں میں حرج ہو۔

انہوں نے کہا کہ نئے آن لائن نظام کے تحت امتحان کے لیے اپلائی سے لیکر  نتائج اور ڈی ایم سی تک تمام نظام  ڈیجیٹلائز ہے جب کہ طلباء کی سہولت کے لیے  ون ونڈو فیسیلیٹشن سنٹر  پشاور بورڈ میں قائم ہے  جہاں پر نام کی درستگی، ڈوپلیکیٹ ڈی ایم سی اور سرٹیفیکیٹس کے حصول اور دوسری تمام  درستگیاں  صرف ایک دن میں ہوتی ہے۔  اس کے علاوہ تمام بورڈ سربراہان کو ہدایت جاری کی گئی ہے  کہ جلد از جلد اپنے بورڈز میں یہ سنٹرز فعال بنائے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ تمام اسکولز کھل گئے ہیں بچے اور اساتذہ بہتر انداز سے سے ایس او پیز  پر عملدرآمد کر رہے ہیں  اور بہت خوشی ہے کہ تعلیمی سلسلہ دوبارہ بحال ہوا ہے۔