پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لئے تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے،صدر ڈاکٹر عارف علوی کی جاپانی سفیر سے ملاقات میں گفتگو

89

اسلام آباد۔22فروری  (اے پی پی):صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ  پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لئے تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے، جاپان پاکستان میں کاروباری مواقع سے فوائد حاصل کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں جاپانی سفیر کونی اوری ماتسودا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے جاپان کے بادشاہ نارو ہیں تو کی سالگرہ پر جاپانی سفیر کو مبارکباد کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جاپان کے مابین کئی دہائیوں سے مختلف شعبوں میں خوشگوار تعلقات ہیں، پاکستان ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے عمل میں خدمات کی وجہ سے یہاں جاپان کے بارے میں خیر سگالی کا جذبہ پایا جاتا ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لئے تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے، جاپان پاکستانی معیشت بالخصوص زراعت، آٹو موبائل، ٹیکنالوجی اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں دستیاب کاروباری مواقع سے فوائد حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جاپان حکومت کے قرضوں کی ادائیگیوں کو موخر کرنے کے فیصلے اور کوویڈ 19 سے نمٹنے کے لئے تعاون کو سراہتا ہے۔ صدر عارف علوی نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید تقویت دینے کے لئے اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ جاپان افرادی قوت کی ضروریات پورا کرنے کے لئے پاکستان سے ہنرمند آئی ٹی ماہرین بھرتی کرسکتا ہے۔اس موقع پر جاپانی سفیر نے پاک بحریہ کے زیر اہتمام کثیر الملکی بحری مشق امن 2021 کے کامیاب انعقاد پر صدر مملکت کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان کی جانب سے دنیا کے مختلف  ممالک کو امن کے مشترکہ مقصد کے لئے مل کر کام کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا قابل ستائش اقدام ہے۔