پاکستان میں اقلیتی برادری کے ساتھ آئین پاکستان کے مطابق ہم آہنگی کو فروغ دیا جا رہا ہے، بلا رنگ ونسل، زبان، دین ومذہب، علاقائیت صرف انسانیت کے ناطے ہم سب کا بیٹھنا محبت، امن کا پیغام ہے،وفاقی وزیر مذہبی امورپیر نورالحق قادری

143

کوئٹہ,25 فروری اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے اقوام متحدہ میں احترام مذاہب عالم اوراحترام انسانیت کی قرارداد منظور ہونا ایک عظیم فتح ہے، جس سے آج ساری دنیا کو اہم پیغام دیا گیا ہے، پاکستان میں اقلیتی برادری کے ساتھ آئین پاکستان اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں کے مطابق ہم آہنگی کو فروغ دیا جا رہا ہے کوئٹہ میں وزارت مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام ”بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس، باہمی مذہبی احترام، دور حاضر کی ضرورت“ کا انعقاد کیا گیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ بلا رنگ ونسل، زبان، دین ومذہب اور علاقائیت کے صرف او صرف انسانیت کے ناطے ہم سب یہاں جمع ہوئے ہیں، ہم سب کا یہاں بیٹھنا محبت اور امن کا پیغام ہے، مسلمانوں کی تاریخ میں برداشت اور رواداری شامل ہے، پاکستان میں تاریخی کلچر، ست رنگی، رواداری کے تحت ایک دوسرے کو قبولیت کیا جا تاہے، کانفرنس میں جتنے بھی مذہبی رہنما موجود ہے سب نے امن وبھائی چارہ، مذہبی آہنگی کا اسٹیج پر درس دیا ہے، انہیں مہراب، منبر، امام بارگاہ، گرجا گر،مندر، گوردوارے سے بھی اسی پیغام کو پھیلانا چاہیے۔ ریجن میں پاکستان نے اقلیتی برادری کے ساتھ ایک بہتر رویہ اپنا رکھا ہے، حالانکہ بھارت نے مسلمانوں، سکھ برادری سمیت دیگر اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک قائم کررکھا ہے ایک دوسرے کے مذہبی قائدین اور عبادت گاہوں کا احترام ملحوظ خاطر رکھا جائے، مذہبی تنازعات اور اختلافات کوباہمی مشوروں، افہام وتفہیم اور سنجیدگی سے طے کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کوفروغ، بھائی چارہ کا پرچار کرنا ہے اور مذہبی رواداری، ہم آہنگی اور برداشت کے قیام کے حوالے سے مختلف مذاہب میں پائے جانے والے ایسے مشترکات کو تلاش کیاجائے جو تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لئے قابل قبول ہوں، جن میں تمام مذہبی جذبات کا اظہار رکھ کر ان پر عمل پیرا ہوکر پاکستان اور دنیا میں امن وسلامتی، مذہبی رواداری کا منظر پیش کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اقلیتی برادری کے حوالے سے کوئی بل مسترد نہیں ہوا ہے، وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں موجودہ حکومت اقلیتی برادری کو تحفظ دینے اور ان کے حقوق دینے میں سرگرم عمل ہے۔کانفرنس سے وفاقی سیکرٹری مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی سردار اعجاز خان جعفر،مولانا عبدالخبیرآزاد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی، عبدالفتح بھنگر سیکرٹری برائے اقلیتی امور حکومت بلوچستان، خورشید بروچہ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔