واشنگٹن،20 فروری ( اےپی پی): امریکہ میں متعین پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان وسیع البنیاد دوطرفہ تعلقات موجود ہیں اور ان تعلقات کو کسی تیسرے ملک کے تناظر میں نہیں دیکھنا چاہئیے۔
انہوں نے یہ بات آج سٹمسن سینٹر کے زیرا ہتمام “جیو پولیٹیکل صورتحال میں تبدیلی کے بعد پاک- امریکہ تعلقات کا مستقبل” کے موضوع پر منعقدہ ویبینار سے خطاب کرتے ہوۓ کہی۔
ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ پاک- امریکہ تعلقات بالخصوص نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ تعلقات خطے میں امن، سیکورٹی اور ترقی کیلئے اہم ہیں۔امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر بات کرتے ہوئےسفیر پاکستان نے وسیع تر بنیاد پر مشترکہ شراکت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس تعلق کو کسی تیسرے ملک کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہئیے۔
انہوں نے شرکأ کو آگاہ کیا کہ پاکستان ہمسائیہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے ساتھ ساتھ اس ریجن میں امن چاہتا ہے، اب بھارت کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا؛ اس ضمن میں امریکہ سے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔
انہوں نے افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے کہا کہ افغانستان میں دیر پاامن اور امن کے عمل کے حوالے سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ اس امن عمل کو آگے لے جایا جائے۔
ویبینار سے سٹمسن کے جنوبی ایشیأ کے پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیر للوانی و دیگر نےبھی شرکت کی۔