پشاور میں صحت کے اعلی حکام نے بھی کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوا لی

82

پشاور، 23فروری(اے پی پی): عوام میں کورونا ویکسین سے متعلق غلط افواہوں اور گمراہ کن بیانات کے تدارک کیلئے آج  پشاور میں سیکرٹری صحت اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز نے بھی کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوا لی۔

سیکرٹری صحت سید امتیاز حسین شاہ نے اس موقع پر بتایا کہ آج سے تمام ہیلتھ ورکرز کی کورونا ویکسینیشن شروع کر دی گئی ہے جبکہ 24 فروری سے ویکسین کی دوسری ڈوز لگانے کا سلسلہ شروع ہوگا جس کیلئے صوبے کے 31 اضلاع میں ویکسین پہنچائی جاچکی ہے اور اب تک صوبہ بھر میں 6 ہزار کے قریب ویکسین لگا دی گئی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ مارچ کے ابتدائی ہفتے سے 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی ویکسینیشن شروع کی جائے گی۔ اس بات کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے کہ کورونا ویکسین محفوظ ہے، کسی قسم کا مسئلہ نہیں، ہیلتھ ورکرز بلاخوف ویکسین لگوائیں کیونکہ اب تک کسی ہیلتھ ورکر میں ویکسین کا کوئی سائیڈ ایفیکٹ رپورٹ نہیں ہوا۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ،ڈاکٹر نیاز محمد نے کہا کہ یکم جولائی سے تمام شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوگا۔ اس مقصد کی خاطر ویکسینیشن کے دوسرے مرحلے کے لیے 26 لاکھ ویکسین کا تخمینہ ہے جسکی این سی او سی سے مستقل سپلائی ملتی رہے گی۔