سکھر:جی او سی پنو عاقل میجر جنرل غلام شبیر ناریجو کا سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کا دورہ

141

سکھر،23 فروری ( اے پی پی ) جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) پنو عاقل میجر جنرل غلام شبیر ناریجو نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کا دورہ کیا اور ایک انٹرایکٹو سیشن میں طلباءسے خطاب کیا۔وائس چانسلر سکھر آئی بی اے یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید میر محمد شاہ نے یونیورسٹی مینجمنٹ کے ساتھ مل کر مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ میجر جنرل غلام شبیر ناریجو نے یونیورسٹی مینجمنٹ کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے کوالٹی انینسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد داو ¿دپوٹا نے یونیورسٹی کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات میں دونوں فریقوں نے تعلیمی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔

 میجر جنرل مسٹر غلام شبیر ناریجو نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے طلباءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی ایک بہترین ادارہ ہے کیونکہ یہ کل کے معاشی قائدین پیدا کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کرنے اور ملک کو مستحکم رکھنے کے لئے کوشاں ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج کی قربانیوں کی ایک طویل تاریخ ہے۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ نے قومی ترقی میں کردار ادا کرنے پر سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے انتظامیہ کی تعریف کی۔

 اس موقع سے خطاب کرتے ہوئے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید میر محمد شاہ نے کہا کہ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کا مشن پاکستان کے عوام کی خدمت کرنا ہے اور ہم پسماندہ طبقے کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ذریعہ ملک کی معاشی و معاشرتی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی متعدد قومی اور بین الاقوامی تعاون کے ساتھ کام کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کی حمایت کرنے پر حکومت سندھ ، حکومت پاکستان ، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر ڈونرز کے شکر گزار ہیں اور ہم معاشرتی اور معاشی تبدیلیوں کے لئے کوشاں رہیں گے۔

 پروفیسر ڈاکٹر سید میر محمد شاہ نے پر امن اور مستحکم پاکستان کے لئے پاک فوج کی جاری کوششوں کی تعریف کی۔ اس موقع سے خطاب کرتے ہوئے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے رجسٹرار اے یونیورسٹی، انجینئرزاہد حسین کھنڈ نے کہا کہ عدم مساوات کو کم کرنے اور پسماندہ طبقے کو بااختیار بنانے کے لئے واحد تعلیمی نظام بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی بنیادی طور پر پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبا کی تعلیم اور ترقی کو ممکن بنا کر اس فرق کو کم کرنے پر کام کر رہی ہے۔