پی ٹی آئی کے ارکین قومی اسمبلی کا سینیٹ الیکشن میں پارٹی امیداواروں کی متفقہ حمایت کا اظہار

118

لاہور،20 فروری(اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے ارکین قومی اسمبلی نے  سینیٹ الیکشن میں پارٹی امیداواروں کی متفقہ حمایت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

گورنر ہاوس لاہور میں گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژن کے ارکان قومی اسمبلی کی بیٹھک کے بعد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود ،وفاقی وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ و دیگر ارکان اسمبلی نے میڈیا بریفنگ میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وفاق میں پارٹی امیدواروں عبد الحفیظ شیخ، فوزیہ ارشد سمیت تمام دیگر امیدوار سینیٹ الیکشن میں کامیابی حاصل کرینگے۔

 گورنر پنجاب چوہدر ی محمد سرورنے کہا کہ وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے مشکلات کے باوجود معیشت کو درست سمت میں ڈالا، کووڈ 19 کے دوران ڈیڑھ کروڑ خاندانوں کیلئے 180ارب روپے کا امدادی پیکیج بھی موجودہ حکومت کا عظیم کارنامہ ہے جبکہ بزنس پیکیج، کنسٹرکشن انڈسٹری پیکیج کی وجہ سے کاروباری طبقہ اس وقت خوش ہے۔

 وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ عبد الحفیظ شیخ سینیٹ کی نشست پر ضرور کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوشہرہ میں الیکشن ہوا تحریک انصاف کی حکومت کے باوجود مسلم لیگ (ن) اس میں کامیاب ہوئی، اسی طرح وزیر آباد کے ضمنی الیکشن میں بھی مسلم لیگ (ن) کوکامیابی ملی لیکن ڈسکہ الیکشن میں ان کا مختلف بیانیہ سامنے آیا،غرض یہ کہ جیت کی صورت میں الیکشن ٹھیک لیکن ہار کی صورت میں الیکشن پر سوالیہ نشان لگ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تقاضا ہے کہ ان معاملات کو بڑے تناظر میں دیکھا جائے اور دوہرا معیار نہ اپنایا جائے۔

وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا محور عوام کا معیار زندگی بہتر کرنا ہے، جب موجودہ حکومت آئی تو ملک میں شدید اقتصادی بحران موجود تھا جس سے نکلنے کیلئے ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا اور حکومت نے سخت فیصلے کئے اور حکومتی اخراجات کو کم کیا گیا جس کا آغاز وزیراعظم ہاﺅس سے کیا گیا، تمام اداروں نے اپنے اخراجات کم کئے اور حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹیکسز کا دائرہ کار بڑھایا گیا۔

 عبد الحفیظ شیخ نے کہا کہ گزشتہ دورہ حکومت کے5 سال میں ڈالر کو مصنوعی طور پر سستا رکھا گیا جس کی وجہ سے انڈسٹری کمزور ہوتی گئی اور برآمدات کے بڑھنے کی رفتار صفر سے کم ہو کر منفی ہو گئی جبکہ ڈالر کے ذخائر آدھے سے بھی کم رہ گئے لیکن موجودہ حکومت نے طے کیا کہ ملک کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنا ہے اس لئے حکومت نے انڈسٹری کو مراعات دیں اورجس وقت دنیا بھر میں برآمدات کی شرح میں گراوٹ پائی جا رہی تھی تو پاکستان میں برآمدات کی شرح میں اضافہ ہو رہا تھا تا ہم ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مستحکم چل رہا ہے۔

 عبدالحفیظ شیخ نے مزید کہا کہ الیکشن جمہوری عمل کی خوبصورتی ہے ،ہماری خواہش ہے کہ سینیٹ الیکشن شفاف اور مہذب انداز میں ہوں اور اس میں خرید وفروخت نہ ہو تاکہ سیاسی نظام میں استحکام آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہمارا کردار ایسا ہو جس سے لوگ ہم سے خوش ہوں۔

 میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں عبد الحفیظ شیخ نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی اور ان کا سینیٹ الیکشن میں مقابلہ نہیں یہ مقابلہ دو سیاسی جماعتوں کا ہے ،جس کو زیادہ ووٹ ملیں گے وہ کامیاب ہو گا۔

 ایک سوال پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ہر انتخابات میں امیدوار کو انتخابی مہم میں حصہ لینا ہوتا ہے اور امیدوار کا کام ہوتا ہے کہ وہ ووٹرز سے بات کر کے ووٹ کے حصول کی بات کرے، سینیٹ الیکشن میں بھی امیدواروں کی کوشش ہو گی کہ وہ اپنے ووٹرز سے بات کر یں اور اپنی جیت کیلئے پوری کوشش کریں۔

قبل ازیں گورنر ہاﺅس میں لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن کے ارکان قومی اسمبلی کی بیٹھک ہوئی جس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ، وفاقی وزیر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے چیف وہب ملک عامر ڈوگر ، وفاق سے سینیٹ کی امیداوار فوزیہ ارشد ودیگر ا راکین نے شرکت کی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ انشااللہ وفاق کی دونوں نشستیں تحریک انصاف جیتے گی اور باقی نشستوں کا فیصلہ بھی ہمارے امیداواروں کے حق میں آئے گا۔