کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے تحت دنین لشٹ کے مقام پر شجرکاری مہم کا پروگرام منعقد

268

چترال، 20 فروری(اےپی پی):  کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے تحت دنین لشٹ کے مقام پر شجرکاری مہم کا بہت بڑا پروگرام منعقد ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل فارسٹ آفیسر احمد جلیل  نے شرکاء سے کہا کہ  وزیر اعظم پاکستان نے ملک میں دس ارب پودے لگانے کا اعلان کیا ہے  جس سے ملک میں جنگلات کی کمی پر قابو پایا جائے گا۔ دنیا میں ایسے ممالک بھی موجود ہیں جہاں 80 فی صد سے بھی زیادہ جنگلات کی شرح ہے  جن کی بدولت آج ہم تازہ آکسیجن  حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے درخت کاٹ کر پیسہ حاصل کیا جاتا تھا ابھی پودے لگا کر کاربن کے حساب سے ان درختوں پر پیسے ملتے ہیں۔

 ماہرین نے کہا کہ یہ درخت ہمارے دوست ہیں یہ نہ صرف ہمیں تازہ آکسیجن فراہم کرتے ہیں بلکہ قدرتی آفات کی شرح کم کرنے میں ان کی بڑی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت اگانا نہ صرف ہمیں دنیاوی فائدہ دیتا ہے بلکہ ہمارے مذہب کا بھی حصہ ہے اور اسلامی تعلیمات میں بھی درخت لگانے پر زور دیا گیا ہے اور اسے صدقہ جاریہ قراردیا ہے۔

خطیب شاہی مسجد مولانا خلیق الزمان نے سلامی نقطہ نظر سے پودوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اسے صدقہ جاریہ  احادیث سے ثابت کیا۔ان درختوں سے جتنے بھی لوگ یا دیگر مخلوق فائدہ لیں گے اس کے لگانے والے کو مسلسل ثواب ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی درخت سے کوئی پھل چوری کرکے بھی کھال لے تب بھی اس کے لگانے والے کو ثواب ملے گا۔

اس تقریب میں  ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چترال، کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس، اسسٹنٹ ڈائیریکٹر انٹیلی جنس بیورو، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر، صدر تاجر یونین، سیکرٹری گوڈ گورننس،اسسٹنٹ ڈائریکٹر نان ٹمبر فارسٹ، ڈی ایف او وایلڈ لایف، ڈی ایف ایم چترال اور دیگر محکموں کے سربراہان  کے علاوہ عوام نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔