گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کی بلوچستان انٹرنیشل اسکواش لیگ کی  افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت

102

ملتان، 15فروری( اےپی پی):گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے بلوچستان انٹرنیشل اسکواش لیگ کی  افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹراختر ملک، انٹرنیشنل اسکواش لیگ کے چئیرمین پرنس آغا عمر احمد زئی،ایڈیشنل انسپکٹرجنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفراقبال اعوان،کمشنر جاویداختر محمود، ڈپٹی کمشنر عامر خٹک ،سی پی او محبوب رشید میاں،معروف صنعت کار جلال الدین رومی اور وائس چانسلر بہاالدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر منصور اکبر کنڈی بھی تقریب میں موجود تھے۔گورنر پنجاب نے سدرن اسکواش لیگ کا فائنل جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش لیگ کے انعقاد پر انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔پاکستان میں  طویل عرصے کے بعد انٹرنیشنل سپورٹس کی واپسی ہوئی ہے۔دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پاک فوج،پولیس اور قوم نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اشکواش لیگ کے انعقاد سے نئے ٹیلنٹ کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔اسکواش کے کھیل پر پاکستان طویل عرصہ تک حکمرانی کرتا رہا۔اسکواش کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی سے پاکستان اپنا کھویا مقام دوبارہ حاصل کرسکتا ہے۔