نئی امریکی انتظامیہ سے پاک امریکہ تعلقات میں بہتری آئیگی؛ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

148

اسلام آباد ،02 مارچ (اے پی پی ): وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات بہت دیرینہ ہیں، افغانستان میں پائیدار امن پاکستان اور امریکہ کا مشترکہ مقصد ہے۔ امید ہے نئی امریکی انتظامیہ سے پاک امریکہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئیگی۔

ان  خیالات  کا اظہار وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے  منگل کو  یہاں امریکہ کی قائم مقام سفیر انجیلا پی ایگل سے ملاقات کے دوران  پاکستان امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ، ملاقات میں نئی امریکی انتظامیہ اور افغانستان میں پائیدار امن کے حوالے سے تبادلہ خیال  سمیت امریکی صحافی ڈینیل پرل کیس میں ملوث ملزمان کےحوالے سے اعلی عدلیہ میں جاری اپیل پر گفتگو کی گئی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا   کہ پاکستان نے افغانستان امن کے لئے بے پناہ جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں، افغانستان میں پائیدار امن کے لئے نئی امریکی انتظامیہ سے بھر پور تعاون جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر قائم مقام امریکی سفیر  کا کہنا تھا کہ  نئی امریکی انتظامیہ سے پاک -امریکہ تعلقات میں بہتری کے لئے بے پناہ مواقع موجود ہیں ،افغانستان پائیدار امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی شہری اور صحافی ڈینیل پرل کے کیس میں پاکستانی عدالت سے انصاف کی توقع ہے کیونکہ ڈینیل پرل کا خاندان انصاف کا منتظر ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ڈینیل پرل کیس میں عمر شیخ کی رہائی کے خلاف اپیلیں سپریم کورٹ میں ہیں۔پاکستان میں عدالتیں آزاد ہیں،یقین ہے کہ اعلی عدلیہ کا فیصلہ انصاف اور قانون کے مطابق ہوگا۔

قائم مقام امریکی سفیر نے پاکستان کے کرونا وائرس کنٹرول کرنے کے اقدامات کو بھی سراہا۔

 ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔