چکوال 12 مارچ( اے پی پی )؛ ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال کے ڈینٹل یونٹ میں ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے جدید او پی جی مشین نصب کر دی گئی ہے۔جس کا افتتاح پنجاب کے وزیر ہائر ایجوکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سردار آفتاب اکبر اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر مختار سرور خان نیازی بھی موجود تھے۔ پنجاب کے وزیر ہائر ایجوکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے او پی جی مشین کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ہیلتھ کیئر وژن کے تحت سرکاری ہسپتالوں کو جدید ترین تشخیصی آلات و معیاری سہولیات سے لیس کرنےکے پیکج کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر میں عوام کو شعبہ صحت میں جدید ترین اور مقامی سطح پر سہولیات فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اس مقصد کے لئے خطیر وسائل صرف کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال کے ڈینٹل یونٹ میں او پی جی مشین کی تنصیب سے ضلع کے عوام کو دانتوں کی مختلف بیماریوں کی تشخیص و علاج معالجہ کے لئے اب دوسرے اضلاع میں نہیں جانا پڑے گا اور مقامی سطح پر سہولیات کی فراہمی کے اعتبار سے انہیں بہت بڑا ریلیف میسر آئے گا۔ پنجاب کے وزیر ہائر ایجوکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ہسپتال میں قائم کئے گئے نئے شعبہ امراض جلد کا بھی افتتاح کیا اور اس میں جلدی امراض کی تشخیص و علاج معالجہ کی سہولیات کے بارےمیں ایم ایس سے بریفنگ لی۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے شعبہ امراض جلد میں دو سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تعیناتی کر دی گئی ہے جو عوام الناس کو علاج معالجہ کی معیاری سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور اس نئے شعبہ کے قیام سے عوام کو علاج معالجہ کے لئے دوسرے اضلاع میں جانے سے نجات مل گئی ہے جو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے تاریخی ہیلتھ کیئر وژن کا قابلِ ستائش ثمر ہے.











