تین روزہ میگا اسلام آباد ٹورزم فیسٹیول جڑواں شہروں کے شہریوں اورسیاحوں کی توجہ کا مرکز

116

اسلام آباد۔6مارچ  (اے پی پی):تین روزہ میگا اسلام آباد ٹورزم فیسٹیول جڑواں شہروں کے شہریوں اورسیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ تین روزہ میگا اسلام آباد ٹورازم فیسٹیول دوسرے روز بھی سیاحوں اور شہریوں کی توجہ کا مرکز رہا بری تعداد میں شہریوں نے اہل خانہ کے ہمراہ فیستیول کی مختلف تقریبات میں شرکت کی۔ ہفتہ کو ہفتہ وار تعطیل کی وجہ سے ایف ناین پارک میں پاکستان ہینگ گلائڈنگ اور پیرا گلائڈنگ کے فضائی مظاہرے دیکھنے کے لئے جڑواں شہروں کے شائقین کی کثیر تعداد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ امڈ آئی بچوں نے میلے کو مزید چار چاند لگا دیئے۔ ایف نائن پارک میں اس پیرا گلائڈنگ شو کا اہتمام پیراگلائڈنگ ایسوسی ایشن (پی ایچ پی اے) اورکٹنگ ایج گروپ کے اشتراک سے کیا گیا ہے جہاں سیاحوں کا داخلہ بالکل مفت رکھا گیا ہے۔ اس فیسٹیول کے ذریعے کوویڈ۔19 کی وبائی صورتحال سے نمٹنے کی طویل جدوجہد کے دوران بڑے پیمانے پر پہلا تفریح کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ فیسٹیول کے اہتمام کا مقصد ملکی سماجی و اقتصادی ترقی کی راہوں کو ہموار کرتے ہوئے سیاحوں کو ایشیائی ثقافت، فنون لطیفہ اور پر تکلف روایتی لذید پکوانوں سے روشناس کرانا بھی ہے جس کے ذریعے غیر ملکی سیاحوں کو رغبت ملے گی اور مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ میلے کے ذریعے مختلف برانڈز کو یکجا کیا گیا اور ہوم ڈلیوری کے صارفین سے رابطے کا بھی موقع فراہم کیا گیا جبکہ گھریلو ساخت کے پکوانون اور بیکری کی اشیا کی بھی پذیرائی کی گئی۔اس میلے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کی معیشت کی بہتری کے لئے سرمایہ کاری کرنے اور مقامی طور پر ایڈونچر اسپورٹس کی حوصلہ افزائی کرنے کے شعبوں میںشمولیت کا بھی موقع فراہم کیا ہے۔ ایسی تقریبات کے انعقاد سے ماحول دوست کھیلوں اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔