جنوبی پنجاب لوک ورثہ میلے میں دستکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے دستار بندی اور چادر پوشی ہو گی،ایوارڈ اور چیک دیئے جائیں گے

94

ملتان، 7مارچ(اے پی پی ): ریجنل ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن عمارہ منظور  نے  لوک ورثہ میلہ کے پروگراموں کی بریفنگ دیتے  ہوئے کہا  ہے کہ جنوبی پنجاب کے دستکاروں کی کبھی پذیرائی نہیں کی گئی ، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی حکومت میں پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کے  دستکاروں کی حوصلہ افذائی کا قدم اٹھایا جارہا ہے،لوک  ورثہ  میلہ میں  ضعیف العمر مرد دستکاروں کی دستار بندی اور خواتین کی چادر پوشی کی جائے گی، دستکاروں کو ایوارڈ کے علاوہ بلاسود قرضوں کے چیک بھی دئے جائیں گے۔

ریجنل ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن عمارہ منظور نے کہا  کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ کےاسٹیڈیم ایرینا میں 3 پویلین قائم کئے جائیں گے اور پولین ملتان،ڈی جی خان اور چولستان کی ثقافت  کے آئینہ دار ہونگے۔انہوں نے کہاجنوبی پنجاب کی تمام ہینڈی کرافٹس کی نمائش کی جائے گی، جنوبی پنجاب کی دستکاری کو پوری دنیا میں مانا اور پہچانا جاتا ہے۔

عمارہ منظور نے کہا حکومت پنجاب “اخوت” کے ذریعے ہنر مندوں کو ابتک72 ارب روپے کے بلاسود قرض فراہم کر چکی ہے۔انہوں  نے کہا کہ میلے میں سرائیکی، چولستانی، بلوچی،پنجابی، پشتو کا روائتی رقص پیش کیا جائے گا اور درویش صوفی رقص بھی میلے کا حصہ ہو گا۔

عمارہ منظور نے کہا  کہ صوفی نائٹ میں  صنم ماروی کی شرکت طے ہو گئی ہے جبکہ فوک موسیقی کی  محفل جمانے کے لئے معروف فوک سنگر ندیم عباس لونے والا کو دعوت دی گئی ہے اور  معرف کافی گائیک پٹھانے خان کے نواسے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔انہوں  نے  کہا کہ لوک ورثہ کو  یادگار  بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی مکمل سرپرستی حاصل ہے،اے ڈی سی جی قمرالزمان قیصرانی انتظامات مثالی بنانے کے لئے دن رات محنت کررہے ہیں۔

 عمارہ منظور نے کہا مجھے لاہور میں لوک ورثہ میلہ منعقد کرنے کی آفر دی گئی لیکن میں نے ملتان کو ترجیح دی ،ملتان کی مٹی سے میرا خمیر اٹھا ہے اسی لئے میں اپنے وسیب میں یہ میلہ منعقد کرنیکی کی خواہاں ہوں۔ انہوں   نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا یہ میلہ شکر پڑیاں اسلام آباد کے میلے کی طرز پر منعقد کیا جارہا ہے، اس میلے میں مختلف ثقافتوں کو اجاگر کرکے ہم امن،اخوت اور رواداری کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔