حکومت  اقتصادی سفارتکاری کے ذریعے  قومی سلامتی  کا تحفظ یقینی  بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے؛ عبدالرزاق داؤد

64

اسلام آباد،17مارچ  (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ  قومی سلامتی اور مضبوط معیشت  کا ایک دوسرے سے براہ راست تعلق ہے ، موجودہ حکومت  اقتصادی سفارتکاری کے ذریعے  قومی سلامتی  کا تحفظ یقینی  بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، وزیراعظم عمران خان   کی اولین ترجیح ملک کو مضبوط معاشی  طاقت بنانا ہے۔

 ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو یہاں  اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ کے دوسرے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ کے حوالے سے 2روزہ کانفرنس کا انعقاد نیشنل سکیورٹی ڈویژن نے کیا ہے ۔

عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ تاریخ  سے پتہ چلتا ہے کہ معاشی بدحالی اور سیاسی عدم استحکام   ریاستوں کے لئے  تباہی کا بنیادی سبب بنتے ہیں، سوویت یونین کا  ٹوٹنا اس کی  بہترین مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  اکنامک سکیورٹی صنعتی ترقی، انرجی سکیورٹی، فوڈ سکیورٹی، رابطہ کاری  اور  فنانشل سفارتکاری  کے ساتھ جڑی ہے، پاکستان جیسی بڑی قوم درآمد اور تجارت پر انحصار نہیں کر سکتی، اسے ٹیکنالوجی کی بنیاد پر مینوفیکچرنگ کی ضرورت ہے۔

مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد  نے کہا کہ صنعتی پیداوار کو بڑھانے کیلئے وزارت تجارت‘‘ میک ان پاکستان’’ پالیسی کا نفاذ کر رہی ہے تاکہ درآمدی نعم البدل  کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔  انہوں نے کہا کہ  پاکستان میں ڈی انڈسٹریلائزیشن ہورہی تھی ،موجودہ حکومت نے اس عمل کو ریورس کیا ہے اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے ا ٓ رہے ہیں،   اب ہم درست سمت پرنکل پڑے ہیں،ہم افغانستان،ایران، ازبکستان کے ساتھ تجارت کو بڑھا رہے ہیں،ان ممالک کے زریعے سنٹرل ایشیاء تک تجارت و روابط کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں توانائی، خوراک، و انٹرنیٹ اور پورٹس میں سرپلس صلاحیت کا حامل ملک ہونا چاہئے۔