حکومت ایکسپورٹ کلچرل ڈویلپ کرنا چاہتی ہے، سردار تنویر الیاس خان

107

سیالکوٹ، 17مارچ(اے پی پی): معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے امور تجارت،سرمایہ کاری /چیئرمین بورڈآف انوسمنٹ اینڈ ٹریڈ سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ حکومت ایکسپورٹ کلچرل ڈویلپ کرنا چاہتی ہے  اور برآمدات کیلئے خصوصی گرین چینلز بنائے گی، اس ضمن میں مقامی صنعتکاروں کی مشاورت سے پالیسی مرتب کریں گے، برآمدگنندگان ہمارا اصل اثاثہ ہیں، سیالکوٹ پاکستان کا اصل چہرہ ہے ۔سیالکوٹ کے آلات جراحی, سپورٹس گڈز اور چمڑے کی مصنوعات دنیا بھر میں اپنا ثانی نہیں رکھتیں۔

انہوں نے کہا   وزیر اعظم عمران خان وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار برآمدات میں اضافہ کیلئے کوشاں ہیں،  ملک میں سرمایہ کاری اور صنعت کے فروغ  کیلئے ٹیکنالوجی پر انحصار کرنا ہوگا، سیالکوٹ ٹیکنالوجی یونیورسٹی سے سیالکوٹ کی صنعت میں انقلاب برپا ہوگا اور مقامی صنعت میں ہنر مندوں کی ضرورت بھی پوری ہوگی۔ان خیالات کا اظہار ایوان صنعت و تجارت کے ممبران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سردار الیاس تنویر خان نے کہا کہ ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ کے ساتھ ملکر مقامی انڈسٹری اور برآمدکنندگان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔صدر چمبر آف کامرس قیصر اقبال بریار نے مہمان خصوصی سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے مقامی صنعت کو درپیش مسائل کے حل پر زور دیا۔ صدر ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ قیصر اقبال بریار، سینئر نائب صدر خرم اسلم بٹ، نائب صدر عنصر عزیز پوری،  چیئرمین ائیر سیال فضل جیلانی، خاور انور خواجہ، انیل سر فراز  اور رضا منیر سمیت ایگزیکٹیو باڈی کے اراکین اور مقامی برآمدکنندگان نے اجلاس میں شرکت کی۔