حکومت خواتین کےحقوق کے تحفظ  کیلئےپرُ عزم ہے:ایم این اے جویریہ ظفر آہیر

119

خوشاپ،09مارچ(اے پی پی ):  ممبر قومی  اسمبلی جویریہ ظفر آہیرنے  کہا کہ معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کےلیےخواتین کو آگے لانے اور ان کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے  اور مو  جودہ حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرُ عزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج جوہرآباد میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جویریہ ظفر آہیر نے کہا کہ دنیا بھر میں خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک اور ان پر جبر و تشد کا نشانہ بنانے کے معاملے پر عالمی برادری کو خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے اورقانون سازی کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

جویریہ آہیر  نے کہا کہ اسلام خواتین کو مساوی حقوق اور احترام دیتا ہے اور صنفی امتیاز کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔خواتین کے حقوق کے بارے میں منفی سوچ اور رویوں کو بدلنے اور انہیں قومی دھارے میں لانے کے لیے  باہمی شراکت داری کے ذریعے خواتین کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دیا جا سکتا ہے۔انہوں    نے کہا کہ خواتین کو معاشی طورپر بااختیار بنانے کے لیے اقتصادی شعبوں میں خواتین کو آگے لانے اور ان کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب مسرت جبین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نادیہ شفیق، اسٹنٹ کمشنر قائدآباد خضراں علی ،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد نگہت فردوس  اور  مختلف ڈیپارٹمنٹ کی خواتین افسران اور مختلف شعبہ جات کی خواتین موجود تھی۔