بزرگ شہری جن کی عمر 60سال سے زیادہ ہے وہ 1166پراپنا شناختی کارڈنمبر میسج کر کے اپنے آپ کو کرونا ویکسین لگوانے کیلئے رجسٹرڈ کر یں: امجد شعیب خان ترین

74

مظفرگڑہ, 9مارچ 2021(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ حکو مت پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں ضلع مظفرگڑھ کے بزرگ شہریوں کو مفت کرونا ویکسین لگانے کے حوالے سے ضلعی ہیڈ کوارٹر سمیت علی پور،کو ٹ ادو اور جتوئی میں ویکسین سنٹر قائم کر دیئے گئے ہیں۔10مارچ سے 60سال سے زائد عمر افراد کو مفت کرونا ویکسین لگانے کا آغاز کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق تمام حفاظتی اقدامات بھی مکمل کر لئے گئے ہیں۔بزرگ شہری جن کی عمر 60سال سے زیادہ ہے وہ 1166پراپنا شناختی کارڈنمبر میسج کر کے اپنے آپ کو کرونا ویکسین لگوانے کیلئے رجسٹرڈ کر یں۔انھیں بذریعہ میسج مقررہ تاریخ اور ویکسینیشن سنٹر کے بارے آگاہ کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی ہیڈ کوارٹر میں یاد گار کلب کے ساتھ قائم کرونا ویکسین سنٹر کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کئے گئے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر مہر محمد اقبال،ڈاکٹر کاظم خان،ڈاکٹر اللہ بخش،ڈاکٹر شاہد سمیت محکمہ صحت کے افسران اور میڈیکل سٹاف بھی موجود تھا۔میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ ضلعی ہیڈ کوارٹر پر ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ویکسینیشن سنٹر قائم کر دیا گیا ہے جہاں بزرگ شہریوں کو ویکسین لگا نے کا عمل 10مارچ سے شروع کر دیا جائے گا اس حوالے سے سنٹر میں تمام انتظامات مکمل ہیں اور بزرگ شہریوں کو کرونا ویکسین لگانے کے دوران مکمل حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر مہر محمد اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سنٹر پر بزرگ شہریوں کے ساتھ آنیوالوں کیلئے ویٹنگ روم،ویکسینیشن روم،سکریننگ کاؤنٹر،ایمرجنسی روم اور 10بستروں پر مشتمل وارڈ بھی قائم کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر یہاں ایک خوبصورت ویکسینیشن سنٹر قائم کیا گیا ہے تاکہ یہاں آنے والے بزرگ شہریوں کو آرام دہ اور پر سکون ماحول میسر آئے اور وہ خوشی سے ویکسینیشن کا عمل مکمل کروائیں۔