خواتین کو آئینی اور قانونی حقوق کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں؛ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

103

سیالکوٹ، 7مارچ  ( اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی  معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ خواتین کو آئینی اور قانونی حقوق  کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں،خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے ہر ممکن مواقع فراہم کریں گے،اقبال کا نظریہ ماں کی گود اور خوداری تک نسلوں کو پروان چڑھاتا ہے،ہماری عورت سماجی و ثقافتی  اقدار کی محافظ ہے۔

 سیالکوٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8مارچ خواتین کا عالمی دن ہے،خواتین کے عالمی دن پر وزیر اعظم کی قیادت میں ایک نئے ماحول،نئے حالات کو دیکھتے ہوئے حکمت عملی تشکیل دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار وویمن امپاورمنٹ ایکٹ کے تحت خواتین کو بااختیاربنانے کے پروجیکٹ  متعارف کرا رہے ہیں۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے  وویمن فرینڈیلی قوانین کے اطلاق کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، دیہی علاقوں میں گیس کی فراہمی اولین ترجیح ہے،گیس کی سہولت عورتوں کی زندگی میں بہتری کا موجب بنتی ہیں، وزیر اعظم پاکستان خواتین کے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادان اپوزیشن کا  ڈس انفارمیشن سیل سوشل میڈیا پرانتشار پھیلا رہا ہے،پی ٹی آئی  کے  اراکین نے پارلیمنٹ میں عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،عمران خان کی یہ کامیابی اپوزیشن کو ایک آنکھ نہیں بھا رہی ہے۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  سینٹ کی سیٹ پر ٹاس جیتنے والی اپوزیشن کپتان کی بیٹنگ پر بھاگ کھڑی ہوئی،پارلیمنٹ کے اندر کھڑے ہونے کی بجائے میڈیا کی اسکرین پر للکارنے والے  سیاسی یتیم ہیں۔انہوں  نے کہا کہ عثمان بزدار کی تبدیلی کی افواہیں اڑائی جارہی ہیں،وزیر اعظم کا وزیر اعلی پر بھر پور اعتماد ہے،وزیر اعلی عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پورے پنجاب کے ایم ایز نے وزیر اعظم کو ووٹ دیا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی ہر  طرح کی چال سے واقف ہیں یہ لوگ پی ٹی آئی کے وزیر اعلی کو نہیں ہٹا سکتے۔

  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ اپوزیشن سے نہیں مہنگائی سے ہے،پاکستان کو ہر محاذ پر سرخرو کریں گے.،پنجاب کی وزیر اعلی کی سیٹ پر نقب زنی لگانے والوں کو ناکامی ہوگی اور پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔