رویت ہلال کے تنازعات پر اتفاق رائے کیلئے وزارت مذہبی امور سرگرم

57

اسلام آباد، 31 مارچ (اے پی پی): رویت ہلال پر اتفاق رائے کے حوالے سے پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس  منعقد ہوا،  اجلاس میں  مرکزی رویت ہلال کمیٹی، سپارکو، محکمہ موسمیات، وزارت سائنس، صوبائی اوقاف، نجی کمیٹیوں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

پیر نور الحق قادری نے کہا کہ آج کے اجلاس میں شہادت کے طریقہ کار، شہادت کے انتظار کی مدت اور جدید الات کے استعمال پر بحث کی گئی ہے، یکساں مذہبی تہوار نہ ہونے پر علماء کرام تنقید کا نشانہ بنتے  ہیں ، ہم رویت کے حوالے سے تصادم اور اختلاف کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پیر نور الحق قادری نے کہا کہ قوم کو بتانا چاہتے ہیں کہ حکومت ملی یکجہتی اور قومی مفاہمت کیلئے سرگرم عمل ہے، تمام صوبوں اور سٹیک ہولڈرز سے آئندہ بھی مشاورت جاری رکھیں گے، اتفاق رائے کیلئے نجی کمیٹیوں سے بھی تعاون کی درخواست کر رہے ہیں۔

پیر نور الحق قادری نے کہا کہ  زونل کمیٹیوں کو مزید متحرک اور فعال بنایا جائے گا، مرکزی، صوبائی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے رابطہ نمبرز کی بہترین تشہیر کی جائے گی۔

پیر نور الحق قادری نے کہا کہ  سابق چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور ممبران کو انکی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،   نئے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد تمام سٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں اور مشاورت جاری  رکھیں گے، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور دیگر احباب بہتری کیلئے وزارت کو اپنی تجاویز دیں،  کوشش ہے کہ رمضان المبارک کے بعد رویت ہلال پر قانون سازی مکمل ہو  جائے۔

اے پی پی/حمزہ/فرح