سبسڈی پر زرعی مشینری و آلات کی فراہمی شعبہ زراعت کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی؛ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ

90

اوکاڑہ ،11مارچ(اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) صبا اصغرعلی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت 50 فیصد سبسڈی پر زرعی مشینری و آلات کی فراہمی شعبہ زراعت کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، موجودہ حکومت نے جس تیزی سے کاشت کاروں کی فلاح و بہبود کےلئے زرعی شعبے میں جدت کےلئےکاوشیں کی ہیں اس سے ہر کسان خوشحال ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں دھان کی فصل کی زرعی مشینری و آلات کی قرعہ اندازی کے لیے منعقدہ تقریب میں کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)  صبا اصغرعلی نے زرعی مشینری وآلات کی قرعہ اندازی کے طریقہ کارمیں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کسانوں کے ساتھ مل کر زرعی ماہرین کی آراءکو توجہ سے سنا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے مشکور ہیں کہ جن کی کاوشوں سے زرعی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی پر استوار کیا جارہاہے جس سے زرعی معیشت کو فروغ ملے گا اور کسان خوشحال ہوگا۔

چوہدری شاہد حسین ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ساہیوال ڈویژن  نے کہا کہ جدید زراعت ٹیکنالوجی کی مرہون منت ہے اور ہمیں زیادہ پیداوار حاصل کرنے کےلئے جدید ریسرچ کی روشنی میں زرعی شعبے کوفروغ دیناہے۔مشینی کاشت جہاں لیبر کے مسائل کو کم کرتی ہے وہیں بہتر پیداوار میں انتہائی معاون ہے۔ انہوں  نے  کہا کہ موجودہ حکومت کاشت کاروں خصوصاََ چھوٹے کاشت کاروں کی فلاح و بہبود پر توجہ دے رہی ہے۔دھان کی زرعی مشینری کے حصول کےلئے ضلع اوکاڑہ کے زمیندارو سروس پرووائیڈر زنے بڑھ چڑھ کے وزیراعظم کے اس سکیم میں حصہ لیااور ضلع بھر سے 421 درخواستیں دفتر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اوکاڑہ میں موصول ہوئیں اور سکروٹنگ سے 322 درخواست دہندگان قرعہ اندازی میں شمولیت کے اہل قرار پائے ۔ ان میں سے رائیڈنگ ٹائپ ٹرانسپلانٹر و نرسری ریزنگ مشنین معہ ٹریزکے 11 ، واک آفٹر ٹائپ ٹرانسپلانٹر کے 5 ، ڈائریکٹ سیڈ رائس ڈرل کے 5 ، واٹر ٹائٹ روٹا ویٹر کے 21 ، ایم .بی پلو / ڈسک پلو کے 5 ، اور نیپ سیک پاور سپرئر کے 25 امیدواروں سمیت کُل 72 زمیندار بذریعہ قرعہ اندازی کامیاب قرار پائے۔

اس موقع پر چوہدری شاہد حسین ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ساہیوال ڈویژن ساہیوال،چوہدری شہباز اختر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اوکاڑہ، راﺅ محمد ریاض انجم اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اوکاڑہ،کسان تنظیموں کے نمائندوں اورزرعی آلات کے حصول کے لئے درخواست دہندہ کسانوں کی کثیر تعداد نے موجود تھی۔