سکھر، 3 مارچ ( اے پی پی ): آئی جی موٹر وے ڈاکٹر سید کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن جاوید احمد مہر اورڈی آئی جی موٹر وے سندھ علی شیر جکھرانی کی خصوصی ہدایت پر سیکٹر کمانڈر سیکٹر سکھر خالد محمود نواز کی زیر نگرانی موٹر وے پولیس نے موٹر سائیکل بنانے والی نجی کمپنی کے اشتراک سے روڈ شو کا انعقاد کیا، روڈ شو کا مقصد موٹر سائیکل سواروں میں پیچھے سے آنے والی تیز رفتار ٹریفک پر نظر رکھنے کے لئے لگائے جانے والے شیشوں اور ہیلمٹ کی افادیت کے بارے میں آگاہی دینا تھا، اس موقع پر موبائل ایجوکیشن سکھر سیکٹر کے افسران انسپکٹر صلاح الدین اور سب انسپکٹر سرفراز خان سمیت نجی کمپنی کے عملے نے موٹر سائیکل سواروں میں روڈ سیفٹی سے متعلق پمفلیٹ اور مفت شیشے تقسیم کیے اور روڈ حادثات سے بچاؤ کے لئے موٹر وے پولیس کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر کمپنی کے منیجر کلیم اللہ شیخ نے بتایا کہ ہالانی سے اوباڑو تک روڈ سیفٹی کے حوالے سے موٹر وے پولیس کے ساتھ مل کر مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا، اس سلسلے میں آج موٹر سائیکل سواروں میں شیشے تقسیم کیے جارہے ہیں، جبکہ آئندہ منعقد کیے جانے والے ایسے پروگراموں میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے مزید اشیاءموٹر وے پولیس کے ساتھ مل کر موٹر سائیکل سواروں میں تقسیم کی جائیں گی۔
اس موقع پر موٹر وے پولیس کے افسران نے ہیلمٹ سے متعلق موٹر سائیکل سواروں کو تفصیلاً بتایا کہ اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کے لئے ہائی وے پر موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور حادثات سے محفوظ رہنے کے لئے موٹر سائیکل پر شیشے نصب کریں تاکہ خطرناک روڈ حادثات سے بچا جاسکے۔ جبکہ موٹر سائیکل سواروں نے موٹر سائیکل پر نصب کیے گئے شیشوں اور ہیلمٹ سمیت روڈ سیفٹی سے متعلق مفید معلومات فراہم کرنے پر موٹر سائیکل بنانے والی نجی کمپنی اور موٹر وے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہیلمٹ اور شیشوں سے متعلق آگاہی کے بعد نیشنل ہائی وے پر آنے سے پہلے ہیلمٹ اور شیشے کے استعمال کو یقینی بنائیں گے تاکہ روڈ حادثات سے محفوظ رہا جاسکے۔











