کوئٹہ۔03مارچ (اے پی پی ):سینیٹ انتخابات میں بلوچستان کی 12 نشستوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آگئے ہیں۔سینیٹ انتخابات میں بلوچستان اسمبلی میں تمام 65 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیے۔ بلوچستان سے7 جنرل نشستوں پر حکومتی الائنس کے 5 اور اپوزیشن الائنس کے 2 امیدوارکامیاب ہوئے ہیں ۔غیر سرکاری نتیجے کے مطابق جنرل نشستوں پر کامیاب امیدواروں میں حکومتی اتحاد سے سرفراز احمد بگٹی ،منظور احمد کاکڑ، پرنس احمد عمر احمد زئی، ارباب عمر فاروق اورمحمدعبدالقادر شامل ہیں ۔ جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے جنرل نشستو ں پر مولاناعبدالغفورحیدری ،محمد قاسم رونجھوسینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔ بلوچستان میں خواتین کی 2 نشستوں پر ثمینہ ممتاز اور نسیمہ احسان کامیاب ہوئی ہیں۔ ثمینہ ممتاز کا تعلق بی اے پی سے ہے انہیں حکومتی اتحادکی حمایت حاصل تھی جب کہ نسیمہ احسان آزاد امیدوار تھیں اور ایک دن پہلے بی این پی میں شامل ہوئی تھیں، انہیں اپوزیشن الائنس کی حمایت حاصل تھی۔ٹیکنو کریٹس کی 2 نشستوں پر جے یو آئی کے کامران مرتضٰی ایڈووکیٹ کامیاب ہوئے ،انہیں اپوزیشن الائنس کی حمایت حاصل تھی۔ان کے علاوہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پربی اے پی کے سعید احمد ہاشمی بھی کامیاب ہوئے ہیں، انہیں حکومتی اتحاد کی حمایت حاصل تھی جبکہ اقلیتی نشست پر بلوچستان عوامی پارٹی کے دھنیش کمار کامیاب ہوگئے، حکومتی اتحاد حمایت یافتہ دھنیش کمار کا تعلق بی اے پی سے ہے۔











