سکھر :ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے جنگلات کے  عالمی دن  پر   3 ہزار  دیسی درخت لگائے 

95

سکھر،21مارچ(اے پی پی ):ڈبلیو ڈبلیو ایف  آفس   میں جنگلات کا عالمی دن منایا گیا ۔ اس موقع پر  این جی اوز ، آئی این جی اوز ، محکمہ جنگلات سندھ ، محکمہ جنگلی حیات ،محکمہ آبپاشی ،محکمہ سماجی بہبود ، محکمہ زراعت ، محکمہ اطلاعات اور سندھ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے تعاون سے 3000 زائد دیسی درخت لگائے  گئے ،درخت   سٹی پوائنٹ سکھر کے قریب نہروں کے مشترکہ کنارےارڈی چار سے ارڈی سترہ تک لگائے  گئے ۔

اس موقع پر  منیجر ڈبلیو ڈبلیو ایف توحید غنی  نے کہا کہ درخت نہ صرف ماحول کو صاف کررہے ہیں بلکہ وہ حیوانی تنوع کو بھی برقرار رکھتے ہیں جو کئی سالوں سے جنگلات کی کٹائی کے سبب متا ثرہوئے ہیں۔ لہذا یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں بڑے پیمانے پر آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے جو جنگل کا احاطہ زیادہ سے زیادہ کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ایگریکلچر رسول بخش جونیجو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدیوں سے جنگلات خوراک ، معاش وسائل اور پانی کا ایک ذریعہ ہیں، وہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے میں بھی مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔ بدقسمتی سے پاکستان میں جنگلات بہت چھوٹے علاقے میں پھیلے ہوئے ہیں لیکن جنگلات کی مسلسل کٹائی کے سبب جنگلات کا احاطہ دن بدن سکڑتا جارہا ہے۔ انہوں نے درختوں کے پودے لگانے پر زور دیا اور سول سوسائٹی اور عام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ درخت لگاکر مقامی سطح پر جنگل کے احاطہ کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کا بھی شکریہ ادا کیا اور درخت لگانے کے سلسلے میں ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

اے پی پی /اطہراللہ/حامد