جنگلی حیات کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر  سیمینار اور واک کا انعقاد

119

اوکاڑہ۔3مارچ  (اے پی پی):اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ زووالوجی نے جنگلی حیات کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر ایک سیمینار اور واک کا انعقاد کیا جس میں مقررین نے ماحولیاتی نظام میں جانوروں کے کردار پہ روشنی ڈالی اور جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے مختلف اقدامات پہ بحث کی۔ سیمینار کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے شعبہ زووالوجی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد واجد نے کہا کہ جانوروں کا انسانی زندگی میں بہت اہم کردار ہے کیونکہ بیشتر ادویات جانوروں یا پودوں سے بنائی جاتی ہیں۔ انہوں نے طلباءکو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ جنگلی حیات کے تحفظ کےلیے معاشرے میں شعور بیدار کریں اور لوگوں کو اس بات کا احساس دلائیں کہ وہ جانوروں کے غیر ضروری شکار سے پرہیز کریں، فصلوں میں کھادوں اور کیڑے مار ادویات کے استعمال کو کم کریں اور پانی کے ذخائر کا تحفظ کریں۔ انہوں نے ملک میں وسیع پیمانے پر شجر کاری اور جنگلات کے تحفظ کی اہمیت پہ بھی زور دیا تاکہ خطرے سے دوچار جانوروں، پودوں اور کیڑوں کو بچایا جا سکے۔ شعبہ زووالوجی کے دیگر اساتذہ بشمول ڈاکٹر رانا منظور احمد، ڈاکٹر سجاد سرور اور ڈاکٹر سلیم خان نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر کے فکر کی روشنی میں ایک سنٹربھی قائم کیا ہے جس کا مقصد اس خطے میں خطرے سے دوچار جنگلی و آبی حیات کے تحفظ کےلیے کام کرنا ہے۔