صوبائی حکومت صحافتی برادری کو درپیش مسائل کےحل کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے گی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان

105

 پشاور،17 مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے  پشاور ماڈل ٹاﺅن میں صحافیوں کیلئے میڈیا کالونی کے قیام ، پشاور پریس کلب کیلئے دو کروڑ روپے، ون ٹائم سپیشل گرانٹ کی فراہمی، پشاور پریس کلب کی موجودہ عمارت کی تعمیر نو اور بحالی کیلئے کمیٹی تشکیل دینے اور جرنلسٹس انڈومنٹ فنڈ کی رقم کو دوگنا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافتی برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے گی۔

 ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس میں پشاور پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صحافت کو ریاست کا اہم ستون اور صحافتی برادری کو معاشرے کا اہم طبقہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی رپورٹنگ میں زیادہ سے زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور حکومت کے اچھے اقدامات کو اُجاگر کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو پشاور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ ان ایڈ میں اضافے کیلئے متعلقہ قانون میں ضروری ترامیم جبکہ پشاور پریس کلب میں ڈیجیٹل سٹوڈیو کے قیام کیلئے پی سی ون کی تیاری کیلئے ضروری اقدامات اُٹھانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم نے میڈیا کی طرف سے مثبت تنقید کا ہمیشہ خیر مقدم کیا ہے اور خیبرپختونخوا کے صحافی انتہائی ذمہ دارانہ صحافت کر رہے ہیں تاہم صوبے سے باہر بعض صحافی بغیر تحقیق اور صحیح معلومات کے صوبائی حکومت پر ہمیشہ تنقید کرتے رہتے ہیں اُنہیں بھی چاہیے کہ وہ اپنی خبروں اور تجزیوں میں توازن سے کام لیکر صوبائی حکومت کے اچھے او ر مثبت اقدامات کو بھی اُجاگر کریں۔

خیبر پختونخوا حکومت کی ڈھائی سالہ کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ سابقہ فاٹا کا صوبے میں کامیاب انضمام ، بی آر ٹی ، سوات موٹروے اور دیگر میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل، کورونا کے خلاف حکمت عملی ، صحت کارڈ کی سو فیصد آبادی تک توسیع اور سینیٹ انتخابات میں شاندار کامیابی موجودہ صوبائی حکومت کی اہم کامیابیاں ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ سابقہ فاٹا کا صوبے میں انضمام بلاشبہ صوبائی حکومت کیلئے ایک بڑا چیلنج تھا لیکن موجودہ صوبائی حکومت نے نامساعد حالات اور مشکل مالی صورتحال کے باوجود انتہائی احسن انداز میں انضمام کے سارے عمل کو مکمل کرلیا ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ جب اُنہوں نے حکومت سنبھالی تو پہلے سے جاری میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اُن کیلئے ایک چیلنج تھی ، صوبے میں زیر تعمیر بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کو شدید تنقید کا سامنا تھا تاہم صوبائی حکومت نے اس منصوبے کو مکمل کرکے دکھایا اور اب عوام اس منصوبے سے خوش ہیں اور مستفید ہو رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سوات موٹروے فیز ون کو مکمل کرکے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا جبکہ منصوبے کے فیز ٹو کی بھی منظوری دی جاچکی ہے جس پر جلد عملی کا م کا آغاز کیا جائے گا۔ رشکئی اسپیشل اکنامک زون افتتاح کیلئے تیار ہے اور بہت جلد وزیراعظم عمران خان اس منصوبے کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھیں گے ۔

 وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت کے متعدد میگا منصوبے میچور ہو چکے ہیں جن میں ڈی آئی خان موٹروے، دیر ایکسپریس وے اور خیبر پاس اکنامک کوریڈور بڑی اہمیت کے حامل ہیں ۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے پورا صوبہ باہم منسلک اور مربوط ہو جائے گا، جس سے عوام کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صنعتی ، تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

 وزیراعلیٰ نے صوبے کے مختلف ریجنز میں اکنامک زونز کے قیام کے منصوبوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی خان اکنامک زون ، جلوزئی اکنامک زون اور نوشہرہ اکنامک زون توسیعی منصوبے کا افتتاح کیا جا چکا ہے جبکہ اس کے علاوہ مزید پانچ اکنامک زونز پر پیشرفت جاری ہے ، جن پر جلد کام کا آغاز کیا جائے گا۔ یہ منصوبے عوام کوروزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے نہایت قلیل عرصے میں صحت کار ڈ پلس سکیم کی صوبے کی سو فیصد آبادی تک توسیع ممکن بنائی ہے ۔ یہ صوبائی حکومت کا ایک منفرد پروگرام ہے جس کے تحت صوبے کی تمام آبادی کو سالانہ 10 لاکھ روپے فی خاندان علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام قسم کے ٹرانسپلانٹس کو بھی اس سکیم میں شامل کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کورونا سے شہید ہونے والے صحافی فخر الدین سید کو سول ایوارڈ کیلئے نامزد کرنے اور پشاور کے دو علیل صحافیوں کیلئے دو دو لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ نے پریس کلب کی نومنتخب کابینہ سے اُن کے عہدوں کا حلف لیا اور پریس کلب کے نومنتخب صدر اور اُس کی پوری کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ نو منتخب صدر اور اس کی کابینہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے بھر پور کوششیں کریں گے ۔

اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی اوروزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے بھی تقریب سے خطاب کیا جبکہ سیکرٹری اطلاعات ارشد خان ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات امداداﷲ، پشاور پریس کلب کے نو منتخب صدر محمد ریاض، جنرل سیکرٹری عمران بخاری سمیت دیگر اراکین کابینہ ، لاہور پریس کلب کے ممبران اور سینئر صحافی حضرات نے تقریب میں شرکت کی۔