ملتان، 17 مارچ (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال نے کہا ہے کہ حکومت ملتان شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے مسائل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،سیوریج مسائل کے حل کے لیے پرانی ،بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی اور نئی سیوریج لائنوں کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار سورج کنڈ روڈ رنگیل پور میں سیوریج لائن تبدیلی کے منصوبے کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔ جہاں ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر،اسٹنٹ ڈائریکٹر سیوریج ولایت آباد سب ڈویژن اسحاق بشیر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
انہوں نے بتایا کہ گنجان آبادشہری علاقوں اور اہم شاہراہوں پر سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے کام کے باعث عوام کو عارضی طور پر تکلیف، مسائل کا سامنا ہے ۔سیوریج افسران شہریوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے نکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے نہ صرف تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں بلکہ جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کروا کر انہیں بھرپور ریلیف دیں۔ انہوں نے سورج کنڈ روڈ پر بوسیدہ سیوریج لائن کی تبدیلی کا منصوبہ رواں مہینے میں ہر صورت مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن بھی مقرر کر دی ہے جبکہ جن مقامات پر سیوریج لائن ڈالی جا چکی ہے ان راستوں کو ٹریفک کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ہموار کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
اس دوران منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے سیوریج لائن ڈالے جانے کے مقامات پر راستے کا ٹریفک کے لئے ہموار نہ ہونے اور شہریوں کو درپیش مسائل کا سختی سے نوٹس لیا اور ایسے پوائنٹس کو فی الفور ہموار کرکے رپورٹ پیش کرنےکا حکم دیا۔
اس موقع پر ایم ڈی واسا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 48 انچ سائز کی پندرہ سو فٹ لائن میں سے تقریباً 1 ہزار فٹ نئی لائن ڈالنے کا کام مکمل ہوچکا ہے جہاں پر 36 انچ سائز کی 1900 فٹ نئی لائن ڈالی جا چکی ہے وہاں پرٹرنچ میں ریت ڈالنے کا عمل تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے جس پر ایم ڈی واسا نے کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے اور کام مکمل ہونے والے حصے کو ٹریفک کے لیے آپریشنل کرنے کی ہدایت کی۔











