ضلع اوکاڑہ میں پنجاب کلچر ڈے ، پنجاب کا کلچر اس خطہ کی تہذیبی ترقی کا آئینہ دار ہے؛ ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان

86

اوکاڑہ،13مارچ(اے پی پی ):پنجاب بھر کی طرح ضلع اوکاڑہ میں بھی پنجاب کلچر ڈے منایا گیا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان نے پنجاب کی روایتی پگڑی پہنی اور اپنے دفتر میں سرکاری امور سر انجام دئیے ۔ضلع کے تمام محکموں کے افسران اور اہلکاران نے بھی شلوار قمیض زیب تن کی اور روایتی پگڑیاں پہنیں ۔

اس موقع پر  ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان نے کہا کہ پنجاب کا کلچر اس خطہ کی تہذیبی ترقی کا آئینہ دار ہے ،پنجاب جو کہ محبت کی سر زمین اور اخوت کا گہوارہ ہے، اس میں بسنے والے لوگ شاندار روایات کے حامل ہیں۔ انہوں نے پنجاب کے خوبصورت کلچر کو احسن انداز میں زندہ رکھا ہے۔ پنجاب حکومت نے 14مارچ کو پنجاب کلچر ڈے منانے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ قابل تحسین ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کلچر ڈے کا انعقاد کر کے پنجاب کے قابل فخر سپوت ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

ڈی سی اوکاڑہ نے کہا کہ   پنجاب کلچر ڈے ہماری تہذیبی ترقی کے لئے ایک نئے دورآغاز ثابت ہو گا ،پنجاب صوفیا ء کی سر زمین اور محبت کرنے والوں کی دھرتی ہے۔ پنجاب کلچر ڈے اس خطہ کی زبان،اس کے ادب و ثقافت اور اس کے ہمہ جہت خوبصورت کلچر کو پوری دنیا کے سامنے لانے کے لئے ایک بنیاد فراہم کرے گا ۔پنجاب کلچر ڈے پنجاب کی تہذیب و ثقافت جو صدیوں کی مٹھاس اپنے اندر سموئے ہوئے ہے اس کے اظہار کا ذریعہ ثابت ہو گی۔ آج کا پنجاب قدیم روایات اور جدید زندگی کے ملاپ سے ایک خوبصورت کلچر کو پروان چڑھا رہا ہے ۔

 ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان نے کہا کہ پنجاب کلچر ڈے علاقائی ثقافت کےفروغ،علاقائی لباس، مصنوعات ،دستکاریوں ،لوک موسیقی ،علاقائی رقص،روایتی کھیلوں، مقامی پکوان،مٹھائیوں ،مقامی صنعتوں سمیت معاشی سر گرمیوں کے فروغ کے لئے بھی ایک کلیدی کردار ادا کرے گا ۔ انہوں نے مزید  کہا کہ  کلچر ایک دن کی تصویر نہیں یہ صدیوں کے تہذیبی سفر کا خلاصہ ہے ،ہمارے خطہ کی ثقافت ہماری زندگی کے مختلف رنگوں کی عکاس ہے۔ ہمارا کلچر انسانی ذات اور معاشرتی رنگوں کا حسین امتیاز ہے جو ہ میں پوری دنیا میں الگ پہچان دیتا ہے ۔