ملتان، 25مارچ(اے پی پی ):ضلع ملتان میں پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز 29 مارچ سے ہو گا،اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد کی زیر صدارت پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وطن عزیز سے پولیو کے موذی مرض کے خاتمہ کے لئے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہو گا، پولیو مہم میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، کوتاہی برتنے والوں کے خلاف ڈسپلنری کارروائی کی جائے گی ۔
ڈی سی علی شیزاد شہزاد نے کہا کہ سیوریج ڈسپوزل سے پولیو وائرس کے سیمپل کا پازئٹیو ٹیسٹ آنا ایک چیلنج ہے، پاکستان سے پولیو کا خاتمہ نہ ہونا ایک افسوسناک امر ہے۔
علی شہزاد نے کہا کہ پولیو کے خاتمہ کے حوالے سے ہم دنیا سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پولیو فری ملتان اور پاکستان ہماری منزل ہے ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مائیکرو اور میکرو پلان پر سو فیصد عملدر آمد یقینی بنایا جائے ، مہم کی کامیابی کے لئے محکمہ اوقاف،سوشل ویلفئیر،لیبر،پولیس اور ریونیو اپنا بھر پورکردار ادا کریں جبکہ پولیو کے ٹرانزٹ پوائنٹس کے لئے پولیس سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
علی شہزاد نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے میں 24گھنٹے دستیاب رہونگا،فیلڈ میں جاکر پولیو ٹیموں کی کارکردگی چیک کرونگا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں پانچ سال سے کم عمر کے 9 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اور مہم کے لئے 2408 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور 476 ایریا انچارج اور140 یو ایم سی اووز مہم کی مانیٹرنگ کریں گے۔
اجلاس میں تمام الائیڈ ڈیپارٹمنٹ کے افسران شریک ہوئے اے سیز خواجہ عمیر محمود،مدثر ممتاز اور محمد زبیر بھی شریک ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد ملک، ڈاکٹر عابد حسین اور ڈاکٹر محمد فاروق بھی شریک ہوئے۔