مالاکنڈ،10 مارچ ( اےپی پی): جمعیت علماء اسلام ملاکنڈ کے وفد نے ضلعی امیر مفتی کفایت اللہ اورجنرل سیکرٹری مولانا سلمان تاثیر خان کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر مالاکنڈ اور کمانڈنٹ مالاکنڈ لیویز سہیل خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی مسائل ،دینی مدارس اور مساجد میں لوڈاسپیکرزکے استعمال پر پابندی کے حوالہ سے اپنے موقف سے اگاہ کیا۔
وفد نے مالاکنڈ میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سمیت دیگر سرکاری نوکریوں میں مبینہ بغیر میرٹ کے ہونے والے بھرتیوں، ٹریفک نظام اور انتظامیہ کی جانب سے لوڈاسپیکرز کے استعمال پر پابندی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ مالاکنڈ ایک پُرا من ضلع ہے اور یہاں کے علماء کرام کسی قسم کے تعصب کوبالائے طاق رکھ کر دین اسلام اور علاقے کے عوام کی خدمت میں لگے رہتے ہیں۔
مدارس، مساجد اور دیگر مقامات پر لوڈاسپیکرز کے استعمال سے کسی قسم کی مذہبی نفرت انگیزی پھیلنے کا کوئی خدشہ نہیں ہے بلکہ لوڈاسپیکرز صرف دینی پیغامات کے رسائی اور مساجد و مدارس میں نماز جمعہ و دیگر مذہبی اجتماعات کے لئے استعمال ہوتے ہیں اس لئے جمعیت علماء اسلام لوڈاسپیکرز کے استعمال پر پابندی کے حق میں نہیں ہے اور حکومت و انتظامیہ سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ لوڈاسپیکرز کے استعمال پر پابندی لگانے سے گریز کریں۔











