محکمہ معدنیات کی 32کنال اراضی کو جیم سٹون لیبارٹری کے قیام کیلئے استعمال میں لایا جائیگا۔ گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان

141

 

پشاور،01مارچ(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کی زیر صدارت ملکی قیمتی پتھروں کو عالمی دنیا میں پہچان دلوانے اور جیم سٹون انڈسٹری کی ترقی کیلئے صوبے میں جیم سٹون لیبارٹری اور ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر کے قیام سے متعلق پیر کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عالمی معیار کے مطابق جیم سٹون لیبارٹری کے قیام کیلئے اراضی کے انتخاب، کٹنگ اور پالشنگ کے لئے جدید مشینری کی تنصیب، مذکورہ شعبے سے وابستہ افراد کی تربیت سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ محکمہ معدنیات کے پاس پہلے سے موجود 32کنال اراضی کو جیم سٹون لیبارٹری کے قیام کیلئے استعمال میں لایا جائیگا، جس کی باقاعدہ منظوری صوبائی کابینہ اجلاس سے لی جائیگی۔ IBL کے تعاون سے عالمی شہرت کے حامل بیلجیم کا ادارہ HRD خیبرپختونخوا میں صوبے کے قیمتی پتھروں کو عالمی سطح پر سرٹیفائیڈ بنانے، کٹنگ، پالشنگ اور تربیت کیلئے لیبارٹری قائم کررہاہے جس سے نہ صرف صوبے کے قیمتی پتھروں کو عالمی سطح پر شناخت مل جائیگی بلکہ جیم سٹون انڈسٹری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرسکے گی۔ HRD کی جانب سے جیم سٹون لیبارٹری کے قیام میں جدید مشینری کی فراہمی سمیت بیلجیم سے مایہ ناز ٹرینرز کٹنگ اور پالشنگ کیلئے مقامی لوگوں کو تربیت دیں گے، جبکہ جیولری میں استعمال ہونیوالے قیمتی پتھر وں کوبھی عالمی معیار کے سرٹیفیکٹس دئیے جائیں گے، HRD سے سرٹیفیکیٹشن کے بعد صوبہ کے قیمتی پتھر گلوبل ڈائمنڈ کلب میں بھی پہچان حاصل کر لیں گے، اجلاس کو بتایاگیاکہ ہمارا پڑوسی ملک بھارت قیمتی پتھروں کی 80ارب ڈالرکی ایکسپورٹ کرتاہے جبکہ پاکستان کے مقابلے میں بھارت کی جیم سٹون کی استعداد انتہائی کم ہے کیونکہ دنیامیں قیمتی پتھروں کی استعداد کے حامل ممالک میں پاکستان اولین فہرست میں ہے اور برازیل واحد ملک ہے جوقیمتی پتھروں کی مدمیں پاکستان کے مقابلے میں ہے۔گورنرشاہ فرمان کاکہناتھاکہ بدقسمتی سے ماضی میں جیم سٹون انڈسٹری کی ترقی کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے گئے اوریہ شعبہ اپنی انتہائی استعداد کے باوجود ملکی معیشت میں کردار ادا نہیں کرسکا۔ہم اپنے قیمتی پتھروں کو اونے پونے داموں بیچنے کے بجائے جیم سٹون لیبارٹری کے ذریعے ان کو عالمی پہچان دیں گے جس سے یہ اپنے حقیقی مالیت کے مطابق دنیامیں پہچانے جائیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر محکمہ انڈسٹری، محکمہ معدنیات اور جیمز اینڈجیمالوجیکل انسٹیٹیوٹ کوہدایت کی کہ وہ اس لیبارٹری کے قیام کیلئے مشترکہ قابل عمل اقدامات اٹھائیں تاکہ متعلقہ اداروں کے درمیان کسی قسم کا کوئی تنازعہ پیش نہ آسکے۔ہم سب کا واحدمقصد جیم سٹون انڈسٹری کی ترقی اور HRD کی جانب سے لیبارٹری کے قیام کو کامیاب بناناہے۔اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر محمدادریس خان، سیکرٹری محکمہ معدنیات نذرحسین شاہ، سیکرٹری محکمہ انڈسٹری جاویدمروت، ڈائریکٹرجیمز اینڈجیمالوجیکل انسٹیٹیوٹ نویدسعود، منیجنگ ڈائریکٹر گروپIBL سید ندیم احمد کے علاوہ دیگرمتعلقہ کے حکام شریک تھے۔