ملتان؛موسم بہارمیں شہر اولیاء کی خوبصورتی اورصفائی کیلئے خصوصی مہم جاری

169

ملتان، 20مارچ(اے پی پی):موسم بہار میں شہر اولیاء ملتان کی خوبصورتی اور صفائی کے لئے خصوصی مہم جاری ہے۔ویسٹ منیجمنٹ کمپنی”اب نکھرے گا ملتان” سلوگن کو عملی جامہ پہنانے کی طرف گامزن ہے اور شاہراہیں اجلی ہونے لگیں جبکہ بڑے چوکوں نے پھولوں کا پیراہن اوڑھ لیا ہے۔

موسم گل میں صفائی اور سڑکوں و  چوراہوں کے ساتھ چونے کی سفید لائنوں نے شہر کے منظر کو اور حسیں بنا دیا ہے۔بوسن روڈ، نشتر روڈ اور ائر پورٹ روڈ کے رخ ہی بدل گئے ہیں، قلعہ کہنہ قاسم باغ اور گھنٹہ گھر چوک کی صفائی بھی ترجیحات میں شامل ہیں جبکہ شاہراہوں پر  پانی کا چھڑکاو بھی جاری ہے۔

کمپنی کا مانیٹرنگ سٹاف بھی ڈیوٹی کے لئے مکمل الرٹ ہے، کورونا وباء کے پیش نظر ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے ورکرز کو ماسک اور گلوز پہننے کی ہدایت کی اور ورکرز میں ماسک اور گلوز کمپنی کی طرف سے مفت تقسیم کئے جارہے ہیں، ورکرز کو ڈیوٹی کے دوران یونیفارم اور اپر جیکٹ پہننے کا بھی حکم دیا گیا ہے، ورکرز کو فیلڈ میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لئے مختلف مقامات پر واٹر پوائنٹس بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔