ملتان؛ حکومت پنجاب کی ہدایت پر منڈیوں کی شہر سے باہر منتقلی کا عملی آغاز ہو  گیا

86

ملتان، 05 فروری(اے پی پی ): حکومت پنجاب کی ہدایت پر منڈیوں کی شہر سے باہر منتقلی کا عملی آغاز ہو  گیا ہے ، کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ 900 کنال سے زائد اراضی پر منڈیاں منتقل کی جائیں گی، پہلے مرحلے میں لوہا مارکیٹ، غلہ منڈی، ٹرک سٹینڈ شہر سے باہر منتقل ہوگا ۔

منڈیوں اور ٹرک پوائنٹز کو شہر سے باہر منتقل کرنے بارے جائزہ اجلاس کی صدارت  کرتے  ہوئے کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ   وزیراعلی پنجاب نے منڈیوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا ٹاسک دیا ہے ،منڈیوں کے ساتھ ٹرک پوائنٹ بھی باہر منتقل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے زمین کی لیز یا ملکیتی حصول بارے کمشنر آفس ریفرنس بھیجے،ترقیاتی ایکٹ 1976 کے تحت شہر کی ترقی ایم ڈی اے  کے ضمرے  میں آتا  ہے۔

 کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا منڈی، ٹرک سٹینڈ کی منتقلی میں کلیدی کردار ایم ڈی اے کا ہوگا ۔انہوں نے  کہا کہ  ضلعی انتظامیہ کی تاجروں سے مثبت ہم آہنگی باعث تحسین ہے۔شہر کے حسن کو بحال، رش کے خاتمے کیلئے منڈیوں کی منتقلی اشد ضروری ہے۔

اجلاس کو  ڈی سی ملتان عامر خٹک، ڈی جی ایم ڈی اے آغا علی عباس  نے  بریفنگ بھی دی۔ڈی سی عامر خٹک نے کہا ضلعی انتظامیہ تاجروں سے مسلسل رابطے میں ہے، منڈیوں کی منتقلی سے شہر کے انفراسٹرکچر میں بہتری آئے گی۔

ڈی جی ایم ڈی اے نے کہا نئی منڈیوں کا ڈیزائن جدید خطوط پر بنایا جائے گا۔

ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی، سی او کارپوریشن اقبال فرید سمیت   ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طیب خان،اسسٹنٹ کمشنرز مبشر الرحمن اور   متعلقہ محکموں کے افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔