ملتان 10مارچ (اے پی پی): قائم مقام ڈپٹی کمشنر قمرالزمان قیصرانی کی زیر صدارت گزشتہ روز پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔ قائم مقام ڈپٹی کمشنر قمرالزمان قیصرانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے اور قابل عمل مائیکرو پلان تیار کیا جائے، ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز مائیکرو پلان کو پرفیکٹ بنانے کے لئے اجلاس منعقد کریں جبکہ موضع کی سطح پر پولیو مہم کی کامیابی کے لئے پٹواری بھی اپنا کردار ادا کریں۔
ضلع ملتان میں پانچ روزہ پولیو مہم کی تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں۔ پولیو مہم 29 مارچ سے شروع ہوکر 2 اپریل تک جاری رہے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیو ورکرز کی ٹریننگ کا شیڈول تیار کرلیا گیا ہے۔ضلع میں9لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔مہم کو کامیاب بنانے کے لئے2408 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ مہم کی مانیٹرنگ کے لئے 476 ایریا انچارج اور140 یو سی ایم اووز مقررکئے جائیں گے۔
اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد ملک ،ڈی ایچ او ڈاکٹر محمدعلی مہدی،ڈاکٹر محمد فاروق، ڈبلیو ایچ او، یونیسف اور روٹری کلب کے نمائندوں نے شرکت کی۔











