ملتان میں یوم خواتین پرخصوصی سیمینار، بعنوان “وومن ایجوکیشن کانفرنس”

54

ملتان، 08 مارچ (اے پی پی): ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری خالد جاوید وڑائچ نے بحیثیت مہمان خاص عالمی یوم خواتین کے سلسلہ میں ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام شمع بناسپتی و کوکنگ آئل، ویز واش ملتان اور فورٹین سٹریٹ پیزا ملتان کے تعاون سے اسپائر کالج ملتان میں منعقدہ خصوصی سیمینار، بعنوان “وومن ایجوکیشن کانفرنس” سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریمﷺکی آمد سے جہالت کے اندھیرے ختم ہوئے اور عورت کو اس کا جائز مقام حاصل ہوا۔ آپﷺ کی آمد سے قبل پیدا ہونے والی بچیوں کو زندہ دفنادیئے جانے کی روایت کو ہمارے آقا ﷺ نے ختم کیا اور اسلام کی رو ح سے عورت کو اس کا جائز مقام دیا۔ اللہ تعالیٰ نے بھی آپ ﷺ کی آل کو بیٹوں کی بجائے بیٹی کے ذریعے چلا کر عورت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کی عورت ہر لحاظ سے مردوں کے شانہ بشانہ اپنا لوہا منوارہی ہیں۔ اور تمام شعبہ جات میں کارہائے نمایاں سرانجام دے رہی ہیں۔ ہمیں ان خواتین کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو قومی دھارے میں موثر شمولیت دے کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار اد اکرنے کے مواقع فراہم کرنے چاہیں۔

سیمینارکی صدارت سابق ڈائریکٹر کالجز و ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کی جبکہ مہمانان اعزاز میں چئیرمین پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی، ممبر وومن چیمبر آف کامرس مسز طاہرہ نجم،پرنسپل اسپائر کالج ملتان پروفیسر ریاست علی، مارکیٹنگ منیجر شمع بناسپتی عمران اعظمی اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم شامل تھے۔ تقریب کے شرکاء خاص سماجی رہنما رشید عباس خان، احمد ندیم انصاری، حسن ندیم،عبدالباری، پروفیسر شازیہ پروین، پروفیسر عطیہ رانی، پروفیسر شمشاد رانی، پروفیسر منزہ نذیر، پروفیسر زہرہ فلک، مس تنزیلہ رحیم، مس سدرہ،میمونہ عابد اور سحرش سلیم شامل تھے۔