ملتان کے  ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح  ہے؛ایم ڈی واسا ناصر اقبال

62

 

ملتان، 28 مارچ (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال نے کہا ہے کہ واسا کے جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شہریوں کی شکایات کا ازالہ اولین ترجیح  ہے، منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل میں رکاوٹوں اور معیار پر سمجھوتے کی شکایت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار  جاری ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے شمس آباد، انصار چوک جبکہ ٹیناں والی کھوئی   میں نکاسی آب کی شکایت  پر قدیر آباد گھنٹہ گھر اور حضوری باغ روڈ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔

اس دوران منیجنگ ڈائریکٹر واسا کو تمام ترقیاتی منصوبوں  کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی جس پر انہوں نے انصار چوک اور شمس آباد کالونی کی سکیموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کر کے انہیں جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا اور گھنٹہ گھر چوک پر سیوریج لائن کی صفائی کیلئے آج رات سے وینچنگ مشینوں کے ذریعے آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی۔

منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال نے کہا کہ تمام ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز اپنی اپنی حدود میں جاری ترقیاتی سکیموں کی مانیٹرنگ  کا سلسلہ تیز کرکے ان کو جلد از جلد مکمل کروائیں  تاکہ عوام فراہمی و نکاسی آب کی بنیادی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے ڈائریکٹر ورکس اور ڈائریکٹر انجینئرنگ  کو بھی ہدایت کی  ہے کہ جہاں کہیں سکیموں  میں  رکاوٹیں حائل ہیں ان کو بھی فوری دور کیا جائے۔

 انہوں نے ٹیناں والی کھوئی میں نکاسی آب کے درینہ مسئلے کا نوٹس لیتے ہوئے عارضی ریلیف کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور گھنٹہ گھر چوک سے فوارہ چوک کی طرف سیوریج لائن کی وینچنگ مشینوں کے ذریعے خصوصی صفائی کا عمل بھی  ہنگامی بنیادوں پر شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔

 اس موقع پرڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر ،سیوریج واٹر سپلائی، ڈسپوزل اسٹیشن کے افسران بھی موجود تھے۔