نو تعینات ریجنل پولیس آفیسر یاسین فاروق کا دورہ  ،پولیس لائن مردان

100

پشاور، 17 مارچ(اے پی پی): ضلع مردان کے نو تعینات ریجنل پولیس آفیسر یاسین فاروق نے آج  پولیس لائن مردان کا دورہ کیا، جہاں مردان پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انکو سلامی پیش کی۔

 آر پی او نے یادگارِ شہدائے پولیس پر پھول چڑھائے اور شہدائے پولیس کے بلند درجات کیلئے دعا کی ریجنل پولیس آفیسر یاسین فاروق نے پولیس لائن کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے پولیس لائن کے دفاتر و شعبہ جات، جائے طعام، پولیس رہائشی بلاک، ایم ٹی، اور دیگر احاطوں کا جائزہ لیا۔

 دریں اثناء ڈی آئی جی نے ضلع بھر کے تھانہ جات میں نصب کئے گئے کیمرہ کنٹرول روم اور سیف سٹی پروجیکٹ کا بھی دورہ کیا جہاں پر انہوں نے ڈیوٹی پر موجود پولیس عملے سے تعارفی ملاقات کی۔

ریجنل پولیس آفیسر نے پولیس اہلکاروں اور شہداء کے ورثاء کیلئے بنائے گئے ہسپتال کا بھی دورہ کیا جہاں پر انہوں نے ہسپتال کے عملے سے ملاقات کی اور وہاں پر موجود مریضوں کو ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز کی جانب سے علاج معالجے کی سروسز فراہم کرنے کا بھی جائزہ لیا جس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی نے ہسپتال کے ڈاکٹرز کی رضاکارانہ قابل قدر خدمات کو سراہا۔بعد ازاں انہوں نے پولیس کی جانب سے شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے پولیس کلب میں پودا بھی لگایا۔

اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ ڈاکٹر زاہد اللہ،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر گل شید خان و دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔