نچلی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لئے مرکز اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا پریس کانفرنس سے خطاب

36

اسلام آباد,31مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے  فیفا سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لئے وقت مانگا ہے، پی ایف ایف اور نارملائزیشن کمیٹی مل بیٹھ کر اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کریں،نچلی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لئے مرکز اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا.ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے یہاں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا.اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری صائمہ ندیم ، سیکرٹری  بین الصوبائی رابطہ محسن مشتاق ، اور ڈی جی پی ایس بی کرنل (ر) محمد آصف زمان بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے فیفا کو کمیشن کو پاکستان بھیجنے کے لئے خط لکھا ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان میں فٹ بال کا کھیل برباد ہو۔ہم نے  فیفا کو بتایا ہے کہ ہم پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان پرفوری طور پر پابندی لگانا اس مسئلے کا حل نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں کچھ افراد کے ذاتی مفادات کی وجہ سے کھیلوں کو نقصان پہنچا ہے۔نارملائزیشن کمیٹی کا مینڈیٹ اس سال 30 جون تک ہے۔حکومت کی پوزیشن بہت واضح ہے کہ اس مسئلے کو فیفا کے دیئے گئے مینڈیٹ کے مطابق حل کیا جاسکتا ہے۔میں چاہتی ہوں کہ پی ایف ایف اور نارملائزیشن کمیٹی مل بیٹھ کر اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کریں۔ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بتایا کہ پاکستان میں فٹ بال میں شخصیات کے مابین ایک جھگڑا ہوا  جس سے کھیل پر بہت برا اثر پڑ ا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نچلی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لئے مرکز اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک میں صحت مندانہ ثقافت کو فروغ دینے کے لئے گراؤنڈز اور جیمز ہاؤسنگ کے نئے منصوبوں کا ایک لازمی حصہ ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشنوں کو بھی اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور انتخاب میں میرٹ کو یقینی بنانا چاہئے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈی جی پی ایس بی کی تقرری قانون اور قواعد کے مطابق کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی سیاست شامل نہیں ہے.ان کی تقرری قابلیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر نےکہا کہ ڈی جی پی ایس بی کی تقرری ضابطے کے مطابق خالصتا میرٹ پر کی گئی ہے۔اس موقع پر ڈی جی پی ایس بی نے بتایا کہ وہ خود بھی اسپورٹس پرسن رہے اور انہوں نے 32 سال تک پاک فوج میں خدمات انجام دیں۔میں 12 سال سے کھیلوں کے میدان میں ہوں۔ میں نے اپنی تقرری کو چیلنج کے طور پر قبول کیا ہے اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے اپنی پوری کوشش کروں گا۔