لاہور8مارچ, (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پاکستان میں اٹلی کے سفیرآندریاس فیراریس نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔اٹلی کے سفیر نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو اٹلی کے دورے کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں سیاحت اور تاریخی مقامات کے تحفظ کے لئے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے اٹلی کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں قائم سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کے لئے بے پناہ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں – صوبے میں 13 سپیشل اکنامک زونز کے قیام کی منصوبہ بندی کی ہے – 7 سپیشل اکنامک زونز نوٹیفائی ہو چکے ہیں – عثمان بزدار نے کہا کہ اٹلی کے سرمایہ کار سپیشل اکنامک زونز میں دل کھول کر سرمایہ کاری کریں، ہر طرح کی سہولتیں دیں گے – صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے نئے مقامات کو ڈویلپ کر رہے ہیں – اندرون لاہور کو اصل حالت میں بحال کیا جا رہا ہے -انھوں نے کہا کہ پنجاب کے دیگر شہروں میں تاریخی مقامات کے تحفظ کے لئے والڈسٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار صوبہ بھر میں بڑھا یا ہے -وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں – دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے-اٹلی اور پاکستان کے مابین تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں -اطالوی سفیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب میں سرمایہ کاروں کے لئے ساز گار ماحول فراہم کیا گیا ہے – تاریخی مقامات کے تحفظ کے لئے آپ کی حکومت نے خاطرخواہ کام کیا ہے -اطالوی سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں – اطالوی سفیر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں