وزیر اعظم عمران خان کا  آج موقف سرخرو ہو گا اور ہم فتح یاب ہونگے؛ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

76

اسلام آباد، 06 مارچ(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے  کہ انشاء اللہ مجھے یقین ہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان سرخرو ہوں گے، وزیر اعظم کا موقف سرخرو ہو گا اور ہم فتح یاب ہونگے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو  کرتے  ہوئے  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے  کہا  کہ میں تمام ممبران پارلیمنٹ کا اور اپنے اتحادیوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے کل پارلیمانی میٹنگ میں وزیر اعظم عمران خان پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے  کہا کہ  کارکنان کے اور عام شہریوں کے جذبات دیدنی ہیں،لوگ دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح ووٹ کی عزت کو پامال کیا گیا۔

 مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ لوگ دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح پارلیمنٹ اور ممبران پارلیمنٹ کی عزت کو پامال کیا گیا،انشاء اللہ آج ممبران پارلیمنٹ، اس عزت کو بحال کرانے میں کامیاب ہوں گے۔انہوں  نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا نئے الیکشن کا مطالبہ بے معنی، غیر آئینی مطالبہ ہے،یہ مطالبہ آئین کی رو کے برعکس ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوئی آئینی مجبوری یا قدغن نہیں تھی لیکن وزیر اعظم نے اعلیٰ اخلاقی جرآت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو پیش کیا۔انہوں  نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے مطالبے میں کوئی وزن نہیں ہے۔