وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی افغان ہم منصب سے ملاقات، پاکستان، افغانستان کے ساتھ تاریخی اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

26

دوشبنے۔30مارچ  (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان کے ساتھ تاریخی اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کو دوشنبے میں منعقدہ نویں ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس اجلاس کے موقع پر افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر سے ملاقات کے دوران کہی۔ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس اجلاس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے مثبت سمت میں اہم قدم قرار دیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ خطے میں امن و امان کا انحصار افغانستان میں مستقل قیام امن کے ساتھ منسلک ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ

آج افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے۔ وزیرخارجہ  نے کہا کہ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس قیام امن کا ایک نادر موقع ہے۔ فریقین کو “اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے نبھاتا رہے گا۔افغان وزیر خارجہ نے “افغان امن عمل” میں پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے،پاکستان کی قیادت اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔