وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال دو روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے

0

اسلام آباد، 14 ستمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ڈیجیٹل اکانومی فورم میں شرکت کے لیے چین کے شہر ارومچی پہنچ گئے، انہوں نے ایس سی او ڈیجیٹل اکانومی تعاون کے وزارتی سطح کے اجلاس میں شرکت اور خطاب کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت پیداوار، تجارت، طرز حکمرانی اور انسانی ترقی کی رفتار تیز کرنے کا اہم ذریعہ ہے، ای پاکستان اڑان پاکستان کے پانچ بنیادی ستونوں میں شامل ہے اور ڈیجیٹل تبدیلی پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کا مرکز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ، پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی اور قومی مصنوعی ذہانت پالیسی ڈیجیٹل تبدیلی کی بنیاد ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، سائبر سکیورٹی، تحقیق اور ہنرمندی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

احسن اقبال نے ایس سی او ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اینڈ کمپیوٹ کوریڈور کے قیام کی تجویز دیتے ہوئے سرحد پار فائبر روابط، ڈیٹا سینٹرز اور سیٹلائٹ رابطوں کو فروغ دینے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل تعاون میں اعتماد، رازداری، سائبر سکیورٹی، شفافیت اور قومی خودمختاری کے اصولوں کو مقدم رکھا جائے، پاکستان ایس سی او کی ڈیجیٹل شراکت داری کو عملی نتائج میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کے ثمرات حکومتوں اور بڑی کمپنیوں تک محدود نہیں ہونے چاہئیں، نوجوانوں، خواتین، جامعات اور چھوٹے کاروباروں کو بھی ڈیجیٹل مواقع ملنے چاہئیں۔