وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی قزاخستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ مختار تیلو بردی  سے ملاقات، ” ادارہ جاتی میکانزم” کو مزید فعال اور اعلیٰ سطحی روابط کو مستحکم بنانے پر اتفاق

31

اسلام آباد۔30مارچ  (اے پی پی):پاکستان اور قزاخستان نے دو طرفہ کثیرالجہتی تعلقات کو وسعت دینے کیلئے  دو طرفہ سیاسی مشاورت، بین الحکومتی کمیشن اور مشترکہ ورکنگ گروپ جیسے ” ادارہ جاتی میکانزم” کو مزید فعال اور اعلی سطحی روابط کو مستحکم بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کو نویں ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس”کانفرنس کے موقع پر قزاخستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ مختار تیلو بردی کے ساتھ ملاقات کی۔بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ   پاکستان قزاخستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے۔پاکستان اور قزاخستان کے درمیان ہوا بازی، تجارت اور ریلوے سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ باہمی تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  پاکستان گوادر پورٹ کے ذریعے وسط ایشیائی ممالک کو مختصر تجارتی راستہ فراہم کرتا ہے-جو دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کیلئے یکساں طور پر مفید  ہو سکتا ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور قزاخستان  کے مابین دو طرفہ کثیرالجہتی تعلقات کو وسعت دینے کیلئے دو طرفہ سیاسی مشاورت، بین الحکومتی کمیشن اور مشترکہ ورکنگ گروپ جیسے ” ادارہ جاتی میکانزم” کو مزید فعال بنانے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ نے  قزاخستان کے وزیر خارجہ کو افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں اور ان کے نتیجے میں اب تک سامنے آنیوالی  پیش رفت سے آگاہ کیا اور کہا کہ  افغانستان میں قیام امن، خطے میں ترقی اور استحکام کیلئے ناگزیر ہے ،افغان امن عمل کی کامیابی سے خطے میں تجارتی و عوامی روابط کو فروغ ملے گا۔دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ،شنگھائی تعاون تنظیم اور ای سی او جیسے بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی روابط میں اضافے پر بھی اتفاق کیا گیا۔