وزیر ہاؤسنگ خیبر پختونخوا کا جرما ہاؤسنگ سکیم کوہاٹ و ریجنل فیسیلیٹیشن سنٹر کا دورہ، صارفین کو الاٹمنٹ لیٹرز  دیئے

30

کوہاٹ،31 مارچ (اے پی پی):وزیر ہاؤسنگ خیبر پختونخوا ڈاکٹر امجد علی نے جرما ہاؤسنگ سکیم کوہاٹ و ریجنل فیسیلیٹیشن سنٹر کا دورہ کیا اور کوہاٹ ڈویژن کے رہائشی و پراٶنشل ہاٶسنگ اتھارٹی صارفین کو الاٹمنٹ لیٹرز بھی دئیے۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیر ہاؤسنگ   نے کہا ہے کہ پی ایچ اے صارفین پشاور، ایبٹ آباد اور سوات میں قائم  فیسیلیٹیشنز سنٹرز سے بھی الاٹمنٹ لیٹرز حاصل کر سکتے ہیں جبکہ مذکورہ مراکز سے استفادہ لیتے ہوئے عوام صوبے میں جاری کسی بھی منصوبے سے متعلق امور باآسانی نبھا سکتے ہیں۔

 ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ  ریجنل فیسیلٹیشن سنٹرز پراٶنشل ہاٶسنگ اتھارٹی کے منصوبوں کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور اسطرح آر ایف سیز کی توسط سے پی ایچ اے امور میں تیزی اور منصوبوں کی بروقت پیشرفت میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہنگو ٹاؤن شپ کے 6 ہزار سے زائد صارفین کیلئے ریجنل سنٹر کوہاٹ بہت بڑی سہولت ہے کیونکہ صوبائی محکمہ ہاؤسنگ، ضم قبائلی و جنوبی اضلاع میں بھی منصوبے شروع کروارہی ہے۔